غزنی، افغان انٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر پر خود کش حملہ، 10ہلاک، 40سے زائد زخمی
کابل/دوحہ(آئی این پی)افغانستان کے صوبے غزنی میں انٹیلی جنس ایجنسی(این ڈی ایس)کے دفتر پر طالبان کی جانب سے خودکش کار بم حملے میں 10افراد ہلاک اور 40سے زائد زخمی ہوگئے،حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے میں زیادہ تر این ڈی ایس کے ملازمین ہیں،دوسری جانب طالبان نے این ڈی ایس کے دفتر پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ فدائی حملہ میں درجنوں فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے، حملے میں فوجیوں کی ہلاکت کے ساتھ بڑی تعداد میں ٹینک، گاڑیاں اور دیگر فوجی سامان تباہ ہوا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے غزنی میں انٹیلی جنس ایجنسی(این ڈی ایس)کے دفتر پر طالبان کے کار بم حملے میں 10افراد ہلاک اور 40سے زائد زخمی ہوگئے۔افغان حکام کے مطابق کار بم دھماکا افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس کی عمارت کے قریب صبح ساڑھے چار بجے پیش آیا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔افغان حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے میں زیادہ تر کی تعداد این ڈی ایس کے ملازمین کی ہے۔دوسری جانب طالبان نے این ڈی ایس کے دفتر پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ غزہ میں دشمن کے مشترکہ اڈے اور فوجی بیرکوں پر فدائی حملہ کیا گیا جس میں درجنوں فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ غزنی میں مشترکہ فوجی اڈے پر حملہ زید قندھاری نامی بہادر مجاہد نے ایک کار کی مدد سے کیا، حملے میں فوجیوں کی ہلاکت کے ساتھ بڑی تعداد میں ٹینک، گاڑیاں اور دیگر فوجی سامان تباہ ہوا۔
کابل حملہ