بال ٹیمپرنگ کا فریضہ امپائرز سرانجام دیں گے
سڈنی(آن لائن)بال ٹیمپرنگ کا فریضہ امپائرز سرانجام دے سکتے ہیں، تھوک اور پسینے پر پابندی کی وجہ سے گیند کو چمکانے کا کام میچ آفیشلز سے لیے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے آسٹریلیا میں گیند کو تھوک یا پسینے سے چمکانے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ایسے میں بیٹ اور بال کے درمیان توازن برقرار رکھنے کیلیے مختلف تجاویز سامنے آئیں جبکہ گیند ساز کمپنی کوکابورا نے اسے چمکانے کیلیے ویکس بھی متعارف کرا دی۔عام طور پر گیند کو کسی بھی مصنوعی چیز سے چمکانا بال ٹیمپرنگ کے زمرے میں آتا ہے، البتہ اب نہ صرف گیند کو ویکس سے چمکایا جائے گا بلکہ یہ کام خود امپائرز سے لیا جا سکتا ہے۔ ایک تجویز یہ بھی تھی کہ پلیئرز امپائرز کی نگرانی میں گیند کو چمکائیں تاہم آسٹریلوی علاقے ڈارون میں امپائرز ہی گیند کو چمکائیں گے، ڈارون کرکٹ نے 6 جون سے ہی اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، منیجنگ ڈائریکٹر لاچلین بیئرڈ نے کہاکہ تھوک اور پسینے پر پابندی کی صورت میں متبادل راستوں کی تلاش کیلیے آئی سی سی اپنے تمام ممبر بورڈز سے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے،ویکس ایک ایسا طریقہ ہے جس میں امپائرز کو بھی شامل ہونا پڑیگا۔ان سب چیزوں پر اس وقت غور کیا جا رہا ہے۔