سیف گیمز میں میڈل جیتنے والی پاکستانی والی بال ٹیم میں 45 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم

سیف گیمز میں میڈل جیتنے والی پاکستانی والی بال ٹیم میں 45 لاکھ روپے کی انعامی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان سپورٹس بورڈ نے سیف گیمز میں میڈل جیتنے والی پاکستانی والی بال ٹیم میں 4.5 ملین روپے کی انعامی رقم تقسیم کر دی۔ پیر کو وزارت بین الصبوبائی رابطہ میں منعقد ہونے والی تقریب میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ و صدر پاکستان سپورٹس بورڈ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کھلاڑیوں کو انعامی چیک دیئے، انعامی چیک حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ایمل خان کپتان، مبشر رضا، ناصر علی، محمد نوید، عبد الظہیر، حامد یزمان، حیدر فاروق، مراد جہان، فہد رضا، عبد اللہ، محمد ادریس، عثمان فیاض، فرہاد علی، محمد عثان، حسان مظہر، محمد وسیم، آفاق خان، زرناب خان، محمد رزاق شامل ہیں۔ ترجمان پاکستان سپورٹس بورڈ اعظم ڈار کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر نے والی بال ٹیم کے 18ممبران میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے حفاظتی تدابیر کے تحت دو سیشن میں چیک تقسیم کئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ سیف گیمز میں پاکستانی والی بال ٹیم کی مشترکہ کوشش قابل قدر ہے، وفاقی حکومت کھلاڑیوں کی مشکلات سے آگاہ ہے، حکومت کھیلوں کی ترویج کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

، صوبائی حکومتوں کو بھی اپنی ذمہ داریوں کے تحت کھیلوں کی ترقی کیلئے آگے آنا ہوگا،گراس روٹ سطح پر کھیلوں کی ترقی میں صوبوں کا کردار سب سے زیادہ ہے، اٹھاہورویں ترمیم کے بعد صوبوں کا کھیلوں میں دخل زیادہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، غیر ملکی کوچزکی نگرانی میں کیمپ لگائے گئے جنہوں نے جدید خطوط پر کھلاڑیوں کو ٹریننگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انڈر 23 والی بال ٹیم کی طرف سے گزشتہ سال اگست میں ایشین لیول کے ایونٹ میں بہترین کاکردگی بھی قابل ستائش ہے جس میں پاکستان نے 16 ٹیموں میں سے چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے والی بال ٹیم کی دیگر عالمی ایونٹس میں شرکت اور بہترین کاکردگی کو بھی سراہا۔