مارکیٹوں میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرینگے: انجمن تاجران

  مارکیٹوں میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرینگے: انجمن تاجران

  

لاہور(سٹی رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا ہفتہ اور اتوار کے روز کاروبار کھولنے کا حکم تاریخی ہے جس سے تاجروں کی تمام مشکلات حل ہو جائیں گی، اس فیصلے سے عوام کو خریداری کیلئے زیادہ وقت ملے گا جس سے بازاروں اور مارکیٹوں میں رش کم ہوگا اور ایس او پیز پر بھی عملدرآمد ہو سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان کے فیصلے پر اظہار تشکر کیلئے بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت سے پہلے روز سے کہہ رہے ہیں کہ ہفتے میں سات روز اور وقت کی پابندی کے بغیر کاروبار کی اجازت دی جائے تاکہ بازاروں اور مارکیٹوں میں رش نہ بڑھے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے تحریری حکم نامہ آ چکا ہے اس لئے حکومت فی الفور اس پر عملدرآمد کرے۔انہوں نے کہا کہ تاجروں کے مالی حالات انتہائی خراب ہیں اور ان میں ادائیگیاں کرنے کی بھی سکت نہیں رہی اس فیصلے سے تاجروں کوبھی سکھ کا سانس ملا ہے۔

مزید :

کامرس -