اپریل میں آٹو سپیئر پارٹس کی درآمدات 44فیصد بڑھ گئیں

May 19, 2020


اسلام آباد (اے پی پی) آٹو سپیئر پارٹس اور اسسریز کی درآمدات میں اپریل2020ء کے دوران 44.19 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گاڑیاں اور موٹر سائیکلز تیار کرنے والی مقامی صنعت کے اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2020ء کے دوران کمپلیٹ ناکڈ اور سیمی ناکڈ ڈاؤن (سی کے ڈی/ایس کے ڈی) کی درآمدات 62 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ مارچ 2020ء کے دوران درآمدات کا حجم 43 ملین ڈالر رہا تھا۔ اس طرح مارچ 2020ء کے مقابلہ میں اپریل 2020ء کے دوران آٹو پارٹس اینڈ اسسریز کی درآمدات میں 19 ملین ڈالر یعنی 44 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح فروری 2020ء کے مقابلہ میں اپریل 2020ء کے دوران درآمدات میں 58.97 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ فروری 2020ء کے دوران 39 ملین ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں۔ فروری 2020ء کے مقابلہ میں اپریل 2020ء کے دوران سی کے ڈی اور ایس کے ڈی کی درآمدات میں 23 ملین ڈالر اضافہ ہوا ہے۔ گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کی صنعت سے وابستہ وینڈرز نے کہا ہے کہ عید پر فروخت میں اضافہ کے پیش نظر درآمدات کی گئی تھیں تاہم لاک ڈاؤن کی وجہ سے کاروبار متاثر ہوا اور دوسری جانب کاریں تیار کرنے والی صنعت نے قیمتوں میں اضافہ کیا جس کی وجہ سے فروخت میں کمی کا رجحان رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے قوت خرید اور کورونا وارئس کی وباء کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں کمی کی وجہ سے آٹو انڈسٹری بھی متاثر ہوئی ہے۔

مزیدخبریں