ملکی معیشت کی بقا کے لیے تمام صنعتیں کھول دی جائیں، صدر کاٹی
کراچی(اکنامک رپورٹر)صدر کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) شیخ عمر ریحان نے تمام صنعتوں کو کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث صنعتکار شدید معاشی بد حالی کا شکار ہوگئے ہیں، صنعتکاروں نے ایس او پیز پر عمل درآمد سے کبھی انکار نہیں کیا اور جب حکومت مخصوص صنعتوں کو ان ایس او پیز پر عمل درآمد کی شرط کے ساتھ کام کی اجازت دے رہی ہے تو دیگر صنعتیں بھی اس پر عمل کرسکتی ہیں۔ شیخ عمر ریحان کا کہنا تھا کہ کاروباری سرگرمیاں رفتہ رفتہ بحال ہورہی ہیں جو کہ خوش آئند ہے تاہم ملکی معیشت کی بقا ء کے لیے تمام صنعتوں کو کام کرنے کی اجازت دینا ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سب سے زیادہ روزگار صنعتی شعبہ فراہم کرتا ہے اگر اسے ہی مکمل طور پر فعال نہیں کیا گیا تو ملک کی آبادی کا بہت بڑا طبقہ اس سے براہ راست متاثر ہوگا۔ شیخ عمر ریحان نے وفاقی و صوبائی حکومت سے اپیل کی کہ موجودہ معاشی بحران سے نکلنے کے لیے صنعتوں کو مکمل طور پر فعال کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، صنعتوں کی بندش جاری رہی تو ہزاروں چھوٹے بڑے کارخانے اور فیکٹریاں مستقل طور پر بند ہوجائیں گے اور بزنس کمیونٹی کے ساتھ ساتھ آبادی کا ایک بہت بڑا حصہ بھی اس سے براہ راست متاثر ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ معاشی صورت حال میں عید الفطر پر طویل چھٹیوں کے متحمل نہیں ہوسکتے حکومت اس فیصلے پر بھی نظر ثانی کرتے ہوئے اسے تین چھٹیوں تک محدود کرے۔