کمشنر کراچی کا الخدمت راشن سینٹر کا دورہ،کوششوں پر خراج تحسین

  کمشنر کراچی کا الخدمت راشن سینٹر کا دورہ،کوششوں پر خراج تحسین

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے انجمن کمپلیکس نارتھ ناظم آباد میں قائم الخدمت راشن سینٹر کا دورہ کیا۔ راشن سینٹر میں جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور راشن پیکنگ میں بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان، الخدمت کے قاضی صدرالدین اور رضاکاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ منعم ظفر خان نے کمشنر کراچی کو الخدمت کی امدادی سرگرمیوں اور راشن کی تقسیم کے حوالے سے بریفنگ دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ الخدمت عوامی خدمت کا کام جاری رکھے گی۔کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے لاک ڈاؤن کے دوران متاثرہ افراد، غریبوں اور ضرورت مندوں کے لیے الخدمت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں اور امدادی سرگرمیوں پر الخدمت اور اس کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر افتخار شلوانی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں الخدمت کے ذمہ داران کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے دورے کی دعوت دی۔ لاک ڈاؤن کے دوران الخدمت سمیت دیگر فلاحی تنظیموں نے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ موجودہ حالات میں سندھ حکومت اور کراچی کی انتظامیہ بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ضلعی اور کراچی کی انتظامیہ اور تمام ڈپٹی کمشنرز آپ کے ساتھ ہیں، آپ بھی ہمارا ساتھ دیں۔ کراچی کو محفوظ کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ کورونا وبا اور لاک ڈاؤن سے ہر طبقہ متاثر ہوا ہے سب مل کر جدو جہد کریں تو ہم حالات پر قابو پا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات پر قابو پانے کے بعد ڈسٹرکٹ سینٹرل میں بھی میٹروپول کی طرح ایک اسٹریٹ لائبریری قائم کریں گے۔منعم ظفر خان نے کمشنر کراچی کی راشن سینٹر آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کے رضا کار راشن کی پیکنگ اور تقسیم سمیت دیگر امدادی سرگرمیوں میں وباء کے دوران بھی مسلسل مصروف عمل ہیں۔ جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت نے لاک ڈاؤن کے دوران اپنے وسائل اور اختیارات کے مطابق ضرورت مندوں کی مدد کی ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں راشن تقسیم کیا گیا۔ سینکڑوں علاقوں اور مقامات پر جراثیم کش اسپرے کیا گیا۔ سرکاری و غیر سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کے لیے حفاظتی لباس فراہم کیا گیا۔ سستی روٹی پروجیکٹ کے تحت درجنوں مقامات پر تندور قائم کیے گئے اور ضرورت مندوں کو پکا ہوا کھانا بھی فراہم کیا گیا۔یہ سارا کام اہل خیر کے تعاون سے ممکن ہو ا، الخدمت اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔#

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -