عید میں غریب بچوں کو خوشیوں میں شامل کرلیا جائے، کاشف شمیم صدیقی
کراچی (پ ر)معروف شاعر اور کالم نگار کاشف شمیم صدیقی کا عید الفطرکی عنقریب آمد پرغریب،بے سہارا، یتیم اور مسکین بچوں کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک کے طول و ارض میں پھیلے کو رونا وائرس نے جہاں بے شمار انسانی زندگیوں کو شدید متاثر کیا ہے وہیں خطرناک وبائی مرض معصوم بچوں کو یتیمی اور مسکینی کے گھُپ اندھیروں میں دھکیل دینے کا سبب بھی بنا ہے۔ دوسری جانب بدترین معاشی حالات سے مقابلہ کرتے، زندگی کی جنگ ہارتے، خودکشی جیسے سنگین عمل کواپناتے افراد کے بچوں کامستقبل بھی داؤ پر لگ چکا ہے۔ ماہِ صیام آخری مراحل میں، عید الفطر انتہائی قریب ہے۔ خوشیوں سے بھرے تہوار پر ایسے بچوں کے جذبا ت و احساسات کیا ہوں گے، ہر حسا س دل محسوس کر سکتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ا یسے تمام نادار، یتیم و مسکین بچوں کے سر پر دست شفقت رکھ کر اُنہیں عید کی خوشیوں میں شامل کرلیا جائے۔شاعرِامن کاشف شمیم صدیقی نے صاحب ِثروت افراد و خاندانوں سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ بعدازعید ایسے بچوں کی بھرپور کفالت کے مسئلے پر سوچ و بچار کرکے اگر احسن اقدامات عمل میں لے آئے جائیں تو ننھے مّنے پھولوں کو مُرجھانے سے بچایا جاسکتا ہے۔بہتر زندگی کے سفر پر گامزن یہ پھول، یہ بچے کامیابی وکامرانی کی منزلوں تک رسائی حاصل کرکے ملک وقوم کا نام روشن کرسکیں گے۔