فصلوں، باغات کے بعد ٹڈی دل کے پارکو ں پر حملے، انتظامیہ کی دوڑیں

فصلوں، باغات کے بعد ٹڈی دل کے پارکو ں پر حملے، انتظامیہ کی دوڑیں

  

ملتان،وہاڑی،قطب پور،راجن پور،ٹبہ سلطان پو ر،خانیوال(سپیشل رپورٹر،بیورو رپورٹ، نامہ نگار، نمائندہ پاکستان) ملتان میں ٹڈی دل کے حملہ میں شدت آگئی تحصیل صدر کے بیشتر مواضعات متاثر،ٹڈی دل کنے شہر کا رخ کرلیا بیشتر پارک ٹڈی دل کی لپیٹ میں آگئے،ٹڈی ڈل کے خاتمہ کیلئے محکمہ زراعت کی جانب سے تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں فوکل پرسن (بقیہ نمبر37صفحہ6پر)

سمیت ضلعی انتظامیہ کے متاثرہ علاقوں کے دورے جاری آپریشن کا معائنہ کیا۔تفصیل کے مطابق ملتان کے مضافاتی علاقوں میں اتوار کے سہ پہر سے شروع ہونے والے ٹڈی دل کے حملہ میں تیزی آئی ہے جس کے نتیجہ میں تحصیل صدر ملتان کے بیشتر مواضعات جن میں سلارواہن،ساہی چاون موضع سیرانی،اور قادر پوراں کے مواضعات میں کھڑی فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچاہے جبکہ ٹڈی دل کے بیشتر جھنڈوں نے شہری آبادی کا رخ کرلیا ہے جس کے نتیجہ میں نیل کورٹ،گلگشت،نیوملتان کے علاقوں میں قائم پارک اور نرسریاں متاثر ہورہی ہیں۔دوسری جانب محکمہ زراعت اور ضلعی انتظامیہ ٹڈی دل کے خاتمہ کیلئے حرکت میں آچکی ہے اس ضمن میں ملتان تحصیل صدر کے تین مواضعات میں ٹڈی دل کے حملہ کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک جھوک وینس پہنچ گئے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمدطیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر صدر شہزاد محبوب،ڈائریکٹر زراعت شہزاد صابر اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت میاں منظور بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کسانوں سے ملاقات کی اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹڈی دل کے خاتمہ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے،محکمہ زراعت اور ریونیو مل کر اس کا خاتمہ کررہے ہیں،عامر خٹک نے افسران کو ہدایت کی کہ چھوٹے کاشتکاروں کو کیمیکل کی فراہمی میں مدد کی جائے گی،اگر سرکاری مشینری کی قلت کا سامنا ہوتو کرائے پر حاصل کی جائے،سرکاری ہیومن ریسورس کی کمی ہو تو کرائے پر لیبر حاصل کی جائے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمارے پاس ٹڈی دل کے خاتمہ کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں ہے،میں خود ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کی نگرانی کر رہا ہوں،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ٹڈی دل کے آپریشن کے کیمیکل کے انتظامات کے لئے چار رکنی کمیٹی کا بھی اعلان کیا ہے۔کمیٹی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو،اسسٹنٹ کمشنر صدر اور محکمہ زراعت کے افسران پر مشتمل ہو گی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد طیب خان نے بتایا کہ ضلع ملتان میں ٹڈی دل سے چار مواضعات متاثر ہوئے ہیں۔جھوک وینس آرلی،جھوک وینس پارلی، سانبل اور قادر پور راں کا کچھ ایریا اس میں شامل ہے،محکمہ ریونیو اور زراعت کی ٹیمیں دن رات سپرے میں مصروف ہیں،ڈائریکٹر شراعت شہزاد صابر نے بتایا کہ اس ایریا میں ٹڈی دل کے چھوٹے جھنڈ نے حملہ کیا ہے،ضلع ملتان ٹڈی دل کے بڑے غول کے حملہ سے ابھی محفوظ ہے،ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ محکمہ کے پاس وافر مقدار میں کیمکل، سپرئیر مشینیں موجود ہیں۔جبکہ وہاڑی کے نواحی علاقوں میں ٹڈی دل کے حملے جاری، سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی کپاس، مکئی اور چارے کی فصلوں کو شدید نقصان، شہری ڈھول، برتن بجا کر اور شور برپا کر کے اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈیوں کو بھگانے میں مصروف، اکثر علاقوں میں سرکاری ٹیمیں بھی نہ پہنچ سکیں کاشتکاروں کا احتجاج تفصیل کے مطابق وہاڑی کے نواحی علاقوں میں ٹڈی دل کے شدید حملے گزشتہ روز بھی جاری رہے نواحی علاقوں 162 ای بی، 166 ای بی،527 ای بی،529 ای بی،533 ای بی،ظہیر نگر،فوجیانوالہ سمیت دیگر علاقوں میں ٹڈیوں نے بڑی تعداد میں حملہ کیا اور سینکڑوں ایکڑ رقبہ پر کھڑی کپاس، مکئی اور چارے کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا اہل علاقہ، کاشتکار اپنی مدد آپ کے تحت ڈھول اور برتن بجا کر اور مختلف انداز سے شور برپا کر کے ٹڈیوں کو بھگانے اور اپنی فصلوں کو بچانے میں لگے رہے لیکن ٹڈیوں کی تعداد اتنی زیادہ تھی کہ کھیت، درختوں سمیت آسمان بھی ٹڈیوں سے بھرا نظر آنے لگا. جبکہ اکثر علاقوں میں محکمہ زراعت سمیت کسی بھی محکمہ کی ٹیمیں کسانوں کی مدد و رہنمائی کے لیے نہ پہنچیں جس پر اہلیان علاقہ اور کاشتکاروں نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹڈی دل کے حملے نے ان کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے جس کا اذالہ کیا جائے اور کسانوں کو امداد فراہم کی جائے۔ادھرٹڈی دل کا حملہ،سینکڑوں ایکٹر کاشتہ کپاس کی فصل تباہ نواحی موضع قادر پور،چک نمبر335ڈبلیو بی،موضع بلیل و دیگر میں سہ پہر کے وقت اچانک ٹڈی دل نے حملہ کر دیا جس سے کاشتکار خواجہ سلیمان تونسوی،ایوب دوتھڑ،شیخ لطیف،محمود احمد دوتھڑ و دیگر کی سینکڑوں ایکٹر کاشتہ کپاس کی فصل تباہ ہو گئی۔متاثرین نے دھواں سلگا کر اور ڈھول بجا کر ٹڈی دل کو بھگانے کی کوشش کی اس کے باوجودسینکڑوں ایکٹر اراضی پر کھڑی کپاس کی فصل ٹڈی دل چٹ کر گئی۔علاوہ زیں ٹبہ سلطان پورکے مختلف علاقوں بستی سحر، چک عظیم، چک نمبر156ڈبلیو بی، چک نمبر335ڈبلیو بی، چک نمبر144ڈبلیو بی،چک نمبر146ڈبلیو بی میں ٹڈی دل نے دوپہر کے وقت آچانک فصلوں پر حملہ کردیا ٹڈی دل نے حملہ کے چند منٹوں کے اندر ہی فصلوں کا مکمل صفایا کردیا ہے بستی سحر میں سابق چئیر مین سید الطاف حسین شاہ کی دو مربع کپاس کی کھڑی فصل کو چٹ کرگئیں اسی طرح چک نمبر146میں فالج کے مریض کاشتکار محمد پہلوان آرائیں کے 15ایکڑ کپاس کی کھڑی فصل،چک عظیم میں سابق کونسلر ابرار حسین سندھڑ کے کینوں کے باغ، گلاب، کپاس اور مکئی کی درجنوں ایکڑ رقبہ پر کھڑی فصل کو تباہ کر گئیں اطلاع ملنے پر کاشتکار اپنے بچوں سمیت ٹڈی دل کو فصلوں کو بھگانے کے لئے ہاتھوں میں برتن، ڈھول اور پٹاخے لیکر بجاتے رہے لیکن ٹڈی دل ایک کھیت سے اُوڑ کر دوسرے کھیت میں جا کربیٹھ جاتی کاشتکاروں کی جانب سے بروقت محکمہ زراعت کے متعلقہ احکام کو اطلاع دی لیکن کوئی نوٹس نہیں لیا کاشتکار اپنی فصلوں کا صفایا دیکھ کر ہوش کھوبیٹھے اور روتے ہوئے اللہ سے رحم کی اپیل کرتے رہے ٹڈی دل کے حملہ سے متاثرہ ہونے والے کاشتکاروں سید الطاف حسین شاہ، ابرار حسین سندھڑ، جاوید خان سندھڑ، محمد وقاص خان سندھڑ، محمد رمضان، محمد افضل، پہلوان اور دیگرنے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب اور محکمہ زراعت کے اعلیٰ حکام سے مطا لبہ کیا ہے کہ ٹڈی دل کے حملہ سے متاثر ہونے والے علاقوں کو سروے کروا کرعلاقوں کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے مالی امداد فراہم کرنے کا مطا لبہ کیا ہے تاکہ کاشتکار مالی مشکلات سے بچ سکیں۔

ٹڈی دل حملے

مزید :

ملتان صفحہ آخر -