ٹڈی دل‘ کاشتکاروں کو بھی فنی رہنمائی فراہم کی جائے‘ احمد رضا

        ٹڈی دل‘ کاشتکاروں کو بھی فنی رہنمائی فراہم کی جائے‘ احمد رضا

  

ملتان (سپیشل رپورٹر)محکمہ پنجاب کی جانب سے ٹڈی دل کے فوکل پرسن و سیکرٹری کوآپریٹو پنجاب احمد رضا سرور نے کہا ہے کہ ٹڈی دل کے تدارک کیلئے کاشتکاروں کو بھی فنی رہنمائی فراہم کی جائے۔ٹڈی دل کے تدارک کیلئے سفارش کردہ زرعی زہروں اور ان کی (بقیہ نمبر49صفحہ6پر)

مقدار کے بارے میں تفصیل ہینڈ بل کی صورت میں کاشتکاروں میں تقسیم کی جائے۔ سفارشات پر مبنی بروشرز مساجد اور پبلک مقامات پر چسپاں کئے جائیں اور مساجد میں اعلانات کے ذریعے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ فصلوں کو ٹڈی دل کے ممکنہ نقصانات سے محفوظ بنایا جاسکے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ملتان کے مختلف علاقوں جھوک وینس،نواب پور،متی تل، ساہی چاون اورہیڈمحمد والا میں ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے جاری سرگرمیوں کے جائزہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان،ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ڈاکٹر محمد اسلم،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں،ڈی ڈی زراعت توسیع میاں منظور سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔سیکرٹری کوآپریٹو پنجاب نے مزید کہا کہ سفارش کردہ زرعی زہروں کی کچھ مقدار ہر گاؤں میں کسی پراگریسو فارمر یا نمبردار کے پاس ہر وقت موجود ہونی چاہئیے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت حال میں سپرے کرایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار ٹڈی دل کے ممکنہ نقصان سے فصلوں کو بچانے کیلئے محکمہ زراعت،ضلعی انتظامیہ ودیگر محکموں کی ٹیموں کے پہنچنے سے پہلے حفاظتی انتظامات کا بندوبست کریں۔اس موقع پر انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ کاشتکاروں کو ٹڈی دل کے کنٹرول کیخلاف موثر آپریشن کیلئے تربیت فراہم کی جائے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طیب خان نے یقین دلایا کہ کاشتکاروں کی تربیت کا انتظام کیا جائے گا۔ ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے سفارشات پر مبنی لٹریچر کی کاپیاں بھی گاؤں کی سطح پر کاشتکاروں میں تقسیم کی جائیں گی۔کاشتکاروں کو زرعی زہروں کا بندوبست کرنے بارے ترغیب دی جائے گی۔اس مقصد کے حصول کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ اسسٹنٹس اور محکمہ مال کے پٹواریوں کو ٹاسک سونپا جائے گا۔اس موقع پر سیکرٹری کوآپریٹو کو بتایا گیا کہ ضلع بھر میں جہاں بھی ٹڈی دل کے غول بیٹھتے ہیں ان کیخلاف فوراً ایکشن کرکے سپرے کیا جارہا ہے۔

احمد رضا سرور

مزید :

ملتان صفحہ آخر -