ڈاکٹر ز تنظیموں کے تحفظات ترجیحی بنیادوں پر دورکیے جائیں گے: تیمور جھگڑا

  ڈاکٹر ز تنظیموں کے تحفظات ترجیحی بنیادوں پر دورکیے جائیں گے: تیمور جھگڑا

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیرصحت تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ محکمہ صحت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے صوبے کے عوام کو اس وبا سے بچانے کے لیے لیے سرگرم عمل ہیں۔ کورونا وباء کے دوران ڈاکٹرز تنظیموں کا کردار اہم رہا ہے۔ وزیر صحت نے ان خیالات کا اظہار انصاف ڈاکٹرز فورم کے وفد سے پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔ صدر انصاف ڈاکٹرز فورم پاکستان کی سربراہی میں آنے والے وفد میں صدر آئی ڈی ایف خیبر پختونخوا ڈاکٹر سجاد داوڑ اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر وسیم بھی شامل تھے۔ ڈاکٹرز وفد نے وزیر صحت تیمور جھگڑا کو طبی عملے کے مسائل اور کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورت حال سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ایڈہاک میڈیکل آفیسرز کو تنخواہوں کی جلد فراہمی، پروموشن، خود مختار اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر میرٹ پر بھرتیاں اور صوبے میں کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود طبی عملے کے لیے اسپیشل رسک الاؤنس کی فراہمی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ تیمور جھگڑا نے آئی ڈی ایف وفد کو ان کے جائز مطالبات کے جلد حل کا یقین دلاتے ہوئے سیکرٹری صحت سید امتیاز حسین کو ایڈہاک پر بھرتی ڈاکٹرز کی تنخواہوں کی جلد ریلیز کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔ اسی طرح جنرل کیڈر کے میڈیکل آفیسرز کی پروموشن کا عمل بھی جاری ہے اور اس سلسلے میں محکمانہ امور نمٹائے جا رہے ہیں۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے بحرانی کیفیت ہے جو کہ بجٹ پر بھی اثر انداز ہو گی۔ صوبائی حکومت کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن سہولت پہچانے کی کوشش کرے گی۔ وزیر صحت نے کہا کہ حکومت ڈاکٹرز تنظیموں کی جانب سے اجاگر کیے جانے والے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔

مزید :

صفحہ اول -