"کوروناوائرس کے خلاف 30دن میں لائحہ عمل نہ بنایا تو۔۔۔"امریکی صدر کی عالمی ادارہ صحت کوسب سے بڑی دھمکی
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کو سب سے بڑیدھمکی دے دی۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کو لکھے گئے خط مٰیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف تیس دنوں میں کوئی بہتر لائحہ عمل نہ بنایا تو امریکا نہ صرف ہمیشہ ہمیشہ کیلئے اپنی فنڈنگ روک دے گا بلکہ وہ اس کا مزید رکن رہنے کے حوالے سے بھی دوبارہ جائزہ لے گا۔
برطانوی خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ گزشتہ ماہ عالمی ادارہ صحت کیلیے دینے والے فنڈز معطل کرچکے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ عالمی ادارہ کورونا وائرس کے حوالے سے چین کی غلط معلومات کو فروغ دے رہا ہے۔ دوسری جانب ڈبلیو ایچ او ٹرمپ کے ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔
صدر ٹرمپ کہتے ہیں کہ اگر عالمی ادارہ صحت کورونا پر قابو پانے کے لیے اگلے 30 روز میں کوئی پختہ بہتری نہیں دکھاتا تو وہ عارضی طور پر روکی گئی اس کی فنڈنگ کو مستقل طور پر منجمد کردیں گے۔ اس کے علاوہ امریکا مزید رکن کا بھی دوبارہ جائزہ لے گا۔
ٹرمپ نے اپنے خط میں کہا کہ آپ کی اور آپ کے ادارے کی جانب سے وبا پر قابو پانے کے لیے ایک بار پھر غلط اقدام واضح ہے جس کی قیمت پوری دنیا کو بھگتنی پڑ گئی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کا اس صورتحال میں ادارے کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ وہ یہ ثابت کرے کہ وہ چین کی جانب سے آزاد ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خط میں مزید کہا کہ میری انتظامیہ پہلے ہی آپ سے اس پر بحث کرچکی ہے کہ ادارہ کس طرح بہتر کام کرسکتا ہے لیکن اس کے لیے تیز کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہمارے پاس وقت ضائع کرنے کا وقت نہیں۔
گزشتہ دنوں ٹرمپ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ وبا پر قابو پانے کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کی کارکردگی افسوسناک رہی ہے۔