کورونا وائرس سے پریشان ورلڈ سنوکر چیمپئین محمد آصف نے حکومت سے بڑی اپیل کر دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) کورونا وائرس سے پریشان ورلڈ سنوکر چیمپئین محمد آصف نے سنوکر کلب کھولنے کی اپیل کر دی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ میرا ذریعہ معاش صرف سنوکر کلب ہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد آصف نے اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان سمیت تمام اعلیٰ حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ چیمپئین ہونے کے باوجود میرا ذریعہ معاش سنوکر کلب ہے اور مجھ سمیت سنوکر سے وابستہ سب لوگ مشکلات کا شکار ہیں جن کی روزی روٹی کلب اور اکیڈمی سے ہی چلتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا کوئی دوسرا ذریعہ معاش نہیں، کورونا وائرس کے باعث دو ماہ سے سنوکر کلب بند ہیں۔ حکومت دیگر کاروبار کھول رہی ہے تو ہمیں سنوکر کلب بھی کھولنے کی اجازت دی جائے جبکہ ہم یقین دہانی کرواتے ہیں کہ حکومتی ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا۔