”آئی پی ایل کی خاطر ٹی 20 ورلڈکپ ملتوی کر دیا جائے گا“ سابق آسٹریلین کپتان نے منصوبہ بے نقاب کر دیا؟
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مارک ٹیلر نے پیش گوئی کی ہے کہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کروانے کی خاطر ٹی 20 ورلڈکپ ملتوی کر دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق مارک ٹیلرنے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی خواہش پر آئی پی ایل کیلئے نرم گوشہ رکھتا ہے اور ورونا وائرس کو جواز بنا کر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کو اگلے سال تک ملتوی کر سکتا ہے جس کے بدلے میں بھارتی ٹیم کی دسمبر میں آسٹریلیا آکر سیریز کھیلنا بھی یقینی ہوجائے گا۔
سابق آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈکپ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک شیڈول ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس کے بجائے آئی پی ایل کا انعقاد ممکن ہو جائے گا کیونکہ انڈین لیگ میں شرکت کیلئے جانا کھلاڑیوں کی انفرادی ذمہ داری ہو گی اور کسی بھی ملک کے بورڈ کیلئے کوئی پریشانی نہیں بنے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے 15 ٹیموں نے آسٹریلیا آنے کی منصوبہ بندی کرنی ہے اور اکتوبر سے نومبر کے دوران 7 مختلف مقامات پر 45 میچز شیڈول ہیں اور موجودہ حالات میں سفری معاملات انتہائی کٹھن صورتحال اختیار کر جائیں گے جبکہ اس سے قبل 14 دنوں کا قرنطینہ مزید مشکلات پیدا کرے گا، اس لئے امکانات یہی ہیں کہ ٹی 20 ورلڈکپ ملتوی ہو جائے گا اور اگر آئی سی سی نے یہ فیصلہ کیا تو پھر آئی پی ایل کے دروازے کھل جائیں گے۔