”بابراعظم اور ویرات کوہلی کا موازنہ غیر منصفانہ ہے کیونکہ۔۔۔“ یونس خان نے زبردست وجہ بھی بتا دی

”بابراعظم اور ویرات کوہلی کا موازنہ غیر منصفانہ ہے کیونکہ۔۔۔“ یونس خان نے ...
”بابراعظم اور ویرات کوہلی کا موازنہ غیر منصفانہ ہے کیونکہ۔۔۔“ یونس خان نے زبردست وجہ بھی بتا دی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز یونس خان نے بابراعظم اور ویرات کوہلی کے موازنے کو غیر منصفانہ اور قبل ازوقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پانچ سال بعد ایسا کرنا موزوں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق یونس خان نے اپنے بیان میں کہا کہ بابراعظم کے مقابلے میں 31 سالہ ویرات کوہلی تجربے میں بہت آگے ہیں اور اپنے کیریئر کے عروج پر ہیں۔ وہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ میں ہیں اور ہر حالت میں خود کو ثابت کیا ہے، انہوں نے 70 بین الاقوامی سنچریاں سکور کیں جو ان کی کلاس اور صلاحیتوں کی گواہی ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ دوسری طرف بابر اعظم کے کیرئیر کوصرف پانچ سال ہوئے ہیں اور انہوں نے 16 سنچریاں کی ہیں جبکہ ٹیسٹ اور ون ڈے میں اس کی اوسط قابل رشک ہے۔ ان پانچ سالوں میں بابراعظم میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں جن کی جھلک آپ کو موجودہ کوہلی میں دیکھنے کو مل رہی ہے، میرے خیال میں ابھی دونوں کا موازانہ کرنا غیر منصفانہ ہوگا البتہ پانچ سال بعد ان کا موازنہ کیا جا سکے گا۔

مزید :

کھیل -