ٹی 20 ورلڈکپ ملتوی ہوا تو سب سے زیادہ نقصان کسے ہو گا؟ سابق آسٹریلین کپتان نے تشویشناک بات کہہ دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مارک ٹیلر نے کہا ہے کہ ٹی 20ءورلڈ کپ کے ممکنہ التواءسے بڑے ممالک کو کچھ فرق نہیں پڑے گا لیکن چھوٹے ممالک کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی کپتان مارک ٹیلر نے خبردار کیا ہے کہ اگر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ ملتوی کیا تو اس کا اثر براہ راست چھوٹے ممالک پر پڑے گا اور اس کیساتھ ہی شیڈولنگ کا بھی بہت بڑا مسئلہ پیدا ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں شیڈول میگا ایونٹ کے آئندہ برس فروری تک التواءسے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کو ونڈو تو مل جائے گی مگر شیڈولنگ کا بہت بڑا مسئلہ کھڑا ہوجائے گا، میرے خیال میں آئندہ برس فروری میں ہی انگلینڈ کو بھارت کا دورہ کرنا ہے، پھر اگلے سال اکتوبر میں بھارتی سرزمین پرہی ٹی 20 ورلڈ کپ ہوگا لیکن ایک ہی برس میں ایک ہی فارمیٹ کے 2 عالمی ایونٹس کیسے منعقد کیے جا سکتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ اگر ایونٹ ملتوی یا منسوخ ہوجاتا ہے تو اس سے چھوٹے بورڈز کی مالی مشکلات بڑھیں گی کیونکہ وہ فنڈز کیلئے زیادہ تر آئی سی سی پر ہی انحصار کرتے ہیں، ابھی تک جو باتیں ہورہی ہیں اس سے آسٹریلیا، بھارت اور انگلینڈ جیسے بڑے کرکٹ بورڈز کو کوئی فرق نہیں پڑتا، ان کو باہمی سیریز سے ہی کثیر آمدنی ہوتی ہے، ان کے پاس بگ بیش اور آئی پی ایل جیسے ایونٹس بھی موجود ہیں مگر چھوٹے بورڈز کی آمدنی ہی عالمی کونسل سے ہوتی ہے،اگر ورلڈ کپ نہیں ہوگا تو انہیں رقم بھی نہیں ملے گی۔