گاڑیوں کا شوقین انڈرورلڈ ڈان جس کی کولیکشن دیکھ کر آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست کرناٹک کا انڈرورلڈ کا آخری ڈان گزشتہ دنوں 68برس کی عمر میں چل بسا۔ ویب سائٹ cartoq.comکے مطابق اس ڈان کا نام موتھاپا رائے تھا جس نے 1970ءکی دہائی میں کامرس میں گریجوایشن کیا اور وجے بینک میں ملازمت کرنے لگا۔ 1980ءکی دہائی میں اس کا بنگلور کی انڈرورلڈ کی دنیا سے رابطہ ہوا اور وہ اس میں شامل ہو گیا۔ 1990ءمیں اس وقت موتھاپا رائے کا نام پورے بھارت میں خوف کی علامت بن گیا جب اس نے رکن پارلیمنٹ جے راج کو دن دیہاڑے سرعام گولیاں مار کر قتل کر دیا۔
اس کے بعد اس نے اپنا اڈا ممبئی اور دبئی منتقل کر لیا اور وہاں سے اپنے دھندے چلانے لگا۔ 2002ءمیں اسے متحدہ عرب امارات سے ڈی پورٹ کیا گیا اور بھارت پہنچنے پر حراست میں لے لیا گیا لیکن ثبوت نہ ہونے پر عدالت نے اسے بری کر دیا۔ اس کے بعد رائے کا کہنا تھا کہ اس نے انڈرورلڈ کی دنیا ہمیشہ کے لیے چھوڑ دی ہے۔ تاہم میڈیا رپورٹس کا کہنا تھا کہ وہ مرتے دم تک خفیہ طور پر انڈرورلڈ کا ڈان رہا اور اپنے دھندے چلاتا رہا۔ موتھاپا ارب پتی شخص تھا اور اس کے پاس لینڈ کروزر اور اوڈی سے لے کر رینج روور تک درجنوں ایسی لگژری گاڑیاں تھیں کہ دیکھنے والے دیکھتے رہ جاتے۔ وہ ہمیشہ درجن بھر لگژری گاڑیوں کے قافلے کی صورت میں سفر کرتا تھا اور جہاں سے گزرتا لوگ اس کی گاڑیاں دیکھ کر مبہوت رہ جاتے تھے۔