کورونا وائرس ویکسین کا انسانوں پر ابتدائی تجربہ کامیاب، اب تک کی سب سے بڑی خوشخبری آگئی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ سے کورونا وائرس کی ویکسین سے متعلق ایک بڑی خوشخبری آ گئی ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی ریاست میساچوسٹس کی بائیوٹیکنالوجی کمپنی ’ماڈرینا‘ نے کورونا وائرس کی ایک ویکسین تیار کی تھی جس کے اب انسانوں پر ابتدائی تجربات کیے گئے ہیں، جن میں یہ ویکسین انسانوں پر محفوظ اور مو¿ثر ثابت ہوئی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ تاحال یہ محدود پیمانے پر انسانوں پر تجربات کیے گئے جن کا مقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ ویکسین انسانوں کے لیے محفوظ ہے یا نہیں۔
رپورٹ کے مطابق اب تک مختلف ممالک کے سائنسدان 8ویکسینز تیار کر چکے ہیں جن میں سے یہ پہلی ویکسین ہے جس کے انسانوں پر تجربات کیے گئے ہیں اور وہ محفوظ اور مو¿ثر ثابت ہوئے ہیں۔ ماڈرینا کے سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ ”انہوں نے 8لوگوں پر اس ویکسین کا تجربہ کیا۔ انہیں کم اور درمیانے درجے کی خوراک دی گئی جس سے ان کے خون میں کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والی اینٹی باڈیز کی اتنی مقدار پیدا ہو گئی جتنی کورونا وائرس کے صحت مند ہونے والے مریضوں کے جسم میں پائی جاتی ہے۔ تاہم ویکسین کے حتمی نتائج تبھی سامنے آئیں گے جب اس کے انسانوں پر بڑے پیمانے پر تجربات کیے جائیں گے جو ہم جلد شروع کرنے جا رہے ہیں۔“