ملک میں کرکٹ سرگرمیوں کی بحالی، پی سی بی نے اہم فیصلہ کر لیا

ملک میں کرکٹ سرگرمیوں کی بحالی، پی سی بی نے اہم فیصلہ کر لیا
ملک میں کرکٹ سرگرمیوں کی بحالی، پی سی بی نے اہم فیصلہ کر لیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں کرکٹ سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے حکومت کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور حکومتی اجازت ملنے کے بعد ہی کرکٹرز کی ٹریننگ کے حتمی شیڈول کا اعلان کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کرکٹرز کی ٹریننگ کے حتمی شیڈول کا اعلان حکومتی اجازت ملنے کے بعد کرے گاکیونکہ کورونا وائرس کے باعث حکومت کی جانب سے تاحال کھیلوں کی سرگرمیوں پرپابندی میں نرمی نہیں کی گئی اس لئے کھلاڑیوں کو میدان میں واپس لانے کیلئے روڈمیپ تیارکرنے کے بعد حکومت سے اجازت لی جائے گی۔

بائیو سیکیور انتظامات کے حوالے سے حکومت کو اعتماد میں لینے کے بعد کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف اور نیشنل اکیڈمی کے عملے کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کا طریقہ طے ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی سرگرمیاں عید کی چھٹیوں کے بعد جون کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے کاامکان ہے جبکہ دورہ انگلینڈ کے حوالے سے کھلاڑیوں کو عید کے بعد ہی اعتماد میں لیا جائے گا اور کرکٹرز سے آن لائن سیشن کے دوران انہیں حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بریف کیا جائےگا تاہم کسی بھی کھلاڑی کو انگلینڈ جانے کیلئے ہرگز مجبور نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق، باﺅلنگ کوچ وقار یونس اور ذاکر خان کھلاڑیوں کی ٹریننگ کیلئے روڈمیپ تیار کریں گے، تینوں عہدیداران کو رواں ہفتے کے اختتام پر روڈمیپ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر سہیل سلیم کو میدان واپسی کیلئے طبی پہلوؤں پر روڈ میپ تیاری کی ذمہ داری دی گئی ہے، وہ کھلاڑیوں کو آئسولیشن میں رکھنے اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر مبنی روڈ میپ تیار کریں گے۔

مزید :

کھیل -