لاپتہ افراد کے احتجاج میں شامل نوجوان دہشتگرد تنظیم کا اہم ٹارگٹ،کراچی بم دھماکوں کی تحقیقات میں اہم انکشاف
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) کراچی میں گزشتہ دنوں ہونے والے بم دھماکوں کی تحقیقات میں اہم انکشافات ہوئے ہیں ،نجی ٹی وی کے مطابق لاپتہ افراد کے احتجاج میں شامل بے روزگار نوجوان ایس آر اے کا اہم ٹارگٹ ہیں ۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ بے روزگار اور کم تعلیم یافتہ نوجوانوں کا مظاہروں میں انتخاب کیا جاتا ہے۔ نوجوانوں کا انتخاب اور مائل کرنے کا کام عاقب اور شازیہ کرتے ہیں جب کہ چانڈیو برادری کے دونوں افراد سوشل میڈیا نیٹ ورک کے ذریعے رابطے کرتے ہیں۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق اللہ ڈنو حیدرآباد میں باورچی تھا اور مِسنگ پرسن مظاہرے میں شرکت کیلئے گیا تھا، اللہ ڈنو کی ذہن سازی کرکے اسے دہشتگردی کیلئے آمادہ کیا گیا۔ملزم اللہ ڈنو کو دہشتگردی کے احکامات اصغر نامی شخص نے دیے اور اصغر کی جانب سے اللہ ڈنو کو احکامات کے شواہد بھی تحقیقات کا حصہ ہیں۔