"قیادت یقین دہانیوں پر نہیں اپنی طاقت پر چلتی ہے، نسخوں سے قوت نہیں پیدا ہوتی" سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی نے موجودہ حکومت کو مشورہ دے دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی کا کہنا ہے کہ قیادت یقین دہانیوں پر نہیں اپنی طاقت کے بل بوتے پر چلتی ہے، انہیں اس وقت ہر طرف طوائف الملوکی نظر آرہی ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے پروگرام "نقطہ نظر" میں مسلم لیگ ن کی قیادت میں موجودہ حکومت کی جانب سے یقین دہانیاں مانگنے کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی نے یہ شعر پڑھا:
غلام بھاگتے پھرتے ہیں مشعلیں لے کر
محل پہ ٹوٹنے والا ہو آسماں جیسے
انہوں نے کہا کہ قیادت یقین دہانیوں پر نہیں اپنی طاقت پر چلتی ہے، قیادت اپنے اوپر اور اپنے خدا پر اعتماد کرتی ہے۔ یہ نہیں ہوتا کہ مجھے گارنٹی لکھ دیں ، نسخہ دے دیں ، نسخوں سے قوت نہیں پیدا ہوتی۔
سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت ہر جگہ کنفیوژن دیکھ رہے ہیں، انہوں نے جو 1970 سے 1972 کے دوران جو مناظردیکھے ہیں وہی اب بھی نظر آرہے ہیں، ہر طرف طوائف الملوکی ہے، یقین دہانیاں اور ضمانتیں زندگی کی نوید نہیں دیتیں یہ آپ کی کمزوری کو آشکار کرتی ہیں۔