پی ٹی آئی کا ملتان میں آخری جلسہ، کوٹ سادات میں موٹرسائیکل ریلی
کوٹ سادات (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 20 مئی کو ملتان میں موجودہ تحریک کا آخری جلسہ کرنے جا رہی ہے جس کے سلسلے میں تیاریاں زو ر و شور سے جاری ہیں۔ یاد رہے کہ عمران خان ملتان جلسے میں اسلام آباد لانگ مارچ کیلئے تاریخ کا اعلان کریں گے۔ملتان جلسے سے قبل مختلف شہروں کی طرح کوٹ سادات میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سید علی احمد شاہ کی قیادت میں کوٹ سادات میں محمدی مسجد سے ریلی کا آغاز کیا ۔ موٹر سائیکلوں پر نکلنے والی اس ریلی کا اختتام قریبی گاؤں غفور واہ میں جا کر ہوا۔
ریلی میں نوجوانوں کے علاوہ بزرگ شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پرجوش کارکن موجودہ حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ریلی میں مسلم لیگ ن کے پرجوش کارکن رانا ریاست علی نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
پی ٹی آئی کے دیرینہ کارکن رانا شفقت رسول کی پارٹی کیلئے خدمات کو سراہا گیا اور تمام کارکنوں کی جانب سے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
یہاں یہ بھی واضح رہے کہ کوٹ سادات میں نکلنے والی یہ ریلی پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکنوں کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت نکالی گئی تھی، انہیں کسی ایم این اے ، ایم پی اے یا ٹکٹ ہولڈر کی سرپرستی حاصل نہیں تھی۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ وہ صرف اور صرف عمران خان کیلئے باہر نکلے ہیں۔ وہ اپنے حلقے کے پی ٹی آئی کے نمائندوں سے مایوس ہیں اور عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اگلی بار ٹکٹ سوچ سمجھ کر کسی ایسے نظریاتی شخص کو دیا جائے جو ظالم کی بجائے مظلوم کا ساتھی بنے۔