ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ سے بیروزگار ی میں کمی لائی جا سکتی ہے:فضل شکور خان

ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ سے بیروزگار ی میں کمی لائی جا سکتی ہے:فضل شکور خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                            پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکور خان نے کہا ہے کہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے فروغ سے بیروزگاری میں بڑی حد کمی لائی جاسکتی ہے،ہر فرد ڈاکٹر، انجینئر اور سرکاری ملازم نہیں بنتا اس لئے ہم ایسے لوگوں بالخصوص ایسی خواتین کی حوصلہ افزائی اور ان پر سرمایہ کاری کرینگے جو لیبر ڈیپارٹمنٹ کے فنی تعلیمی اداروں میں مختلف فنی تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضم قبائلی اضلاع میں بھی لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ووکیشنل اور ٹیکنیکل انسٹیٹیوشنز کے ساتھ ساتھ سکولز اور کالجز کو بھی بہت جلد قائم کرینگے جہاں پر بچوں کو مختلف سکلز سکھائے جائینگے اور قبائلی روایات کے مطابق خواتین کو گھروں کے اندر مختلف فنی تعلیم کے مواقع میسر کرینگے تاکہ خواتین بھی گھروں کے اندر باعزت روزگار حاصل کرسکیں۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار ضلع چارسدہ کے ووکیشنل انسٹی ٹیوشن میں فنی تعلیم کی اہمیت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ورکرز ویلفئیر بورڈ ابرارشاہ، ڈائریکٹر ایجوکیشن امجد خان، ڈائریکٹر ایڈمن شعیب خان،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سلمان احمد، وومن چیمبر آف کامرس پشاور کی نائب صدر انیلہ خالد، ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کی پرنسپل،بچوں اور دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر کی آمد پر پرجوش استقبال اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ نے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے بہت اچھے اور فائدہ مند اقدامات اٹھائے ہیں اور کوشش کررہے ہیں کہ عوام کے مفاد میں مذید بہتر اصلاحات لائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ٹیکنیکل اور ووکیشنل سنٹرز میں مختلف ہنر سیکھنے والوں میں کافی ٹیلنٹ ہے بس ان بچوں اور بچیوں کو توجہ دینے کی ضرورت ہے، مارکیٹ میں ان  ہنرمندوں کے بنائے گئے پراڈکٹس دستیاب ہوتے ہیں لیکن سارا سرمایہ ڈائزئنرز کا ہوتا ہے اور سارا منافع بھی انہی ڈائزئنرز کو ملتا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی کیساتھ ان پر سرمایہ کاری کرینگے اور انکے ذریعے مقامی صنعت کو ترجیح دینگے اور دور حاضرکی تکنیکی صلاحیتوں سے ان کولیس کرینگے۔صوبائی وزیرفضل شکور خان نے چارسدہ ووکیشنل سنٹرکے مزدوروں کے بچوں میں سلائی مشینیں اورانعامات تقسیم کئے۔