نیو یارک(ڈیلی پاکستان آن لائن)گھر میں گیس کا چولہا آپ کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے اور امریکا میں اس کے نتیجے میں ہر سال ہزاروں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔جرنل سائنس ایڈوانسز میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ جن گھروں میں گیس کے چولہے ہوتے ہیں، وہاں رہنے والے نائٹروجن ڈی آکسائیڈ سے بھرپور فضا میں سانس لیتے ہیں۔یہ گیس فضا کو آلودہ کرکے انسانی صحت کو نقصان پہنچاتی ہے اور اس کے نتیجے میں طویل المعیاد بنیادوں پر دمہ کا خطرہ بڑھتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ اس آلودگی سے ہر سال امریکا میں 19 ہزار افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔یہ چولہے قدرتی گیس سے جلتے ہیں اور اس گیس کو جلانے سے نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ اور کاربن مونو آکسائیڈ جیسی گیسیں فضا میں خارج ہوتی ہیں۔طویل المعیاد بنیادوں پر اس آلودگی سے پھیپھڑوں کے افعال کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے اور نظام تنفس کے امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی اس تحقیق میں شامل ماہرین نے بتایا کہ نتائج سے دریافت ہوا کہ گیس کے چولہے صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے تصور نہیں کیا تھا کہ چولہے جلانے سے صحت کو اتنا نقصان ہو سکتا ہے کیونکہ اس سے خارج ہونے والی گیسیں چولہے بند ہونے کے کئی گھنٹے بعد بھی فضا میں موجود رہتی ہیں۔