قطر کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گذشتہ 2روز سے پاکستان میں موجود ،میڈیا کو کانوں کان خبر نہ ہو سکی ،کس کی دعوت پر پاکستان آئے ؟جان کر آپ کو بھی حیرت ہو گی
لاہور(خالد شہزاد فاروقی )پانامہ کیس میں قطری شہزادے شیخ حمد بن جاسم الثانی کے خط نے ملکی سیاست میں عرب ملک قطر کے جہاں چرچے ہیں وہیں قطر کی ایک انتہائی اہم شخصیت سپریم کورٹ آف قطر کے چیف جسٹس اور روئت ہلال کونسل کے چیئرمین الشیخ دکتور ثقیل بن سایر الشمری گذشتہ 2روز سے نجی دورے پر پاکستان میں موجود ہیں لیکن میڈیا کو قطر کی اہم ترین شخصیت کی پاکستان موجودگی کی کانوں کان بھی خبر نہیں ہو سکی ۔چیف جسٹس کویت الشیخ دکتور ثقیل بن سایر الشمری حکمران جماعت کی حلیف مذہبی تنظیم مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے اہم رہنما حافظ احمد اللہ حامد کی دعوت پر 4روز کے لئے پاکستان آئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پانامہ کیس میں وزیر اعظم نواز شریف کے بچوں حسن ،حسین اور مریم نواز کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرائے گئے جواب میں قطر کے سابق وزیر اعظم شیخ حمد بن جاسم الثانی کا خط پیش کیا تو ملک بھر میں قطر کے شاہی خاندان کے ساتھ وزیر اعظم نواز شریف کی فیملی کے تعلقات میڈیا کی زینت بنے ہوئے ہیں اور ملکی سیاست میں بھی’’ قطر ‘‘کے سابق حکمران اور شاہی خاندان کا چرچا ہے ،ایسے میں قطر کی ایک اہم شخصیت سپریم کورٹ آف قطر کے چیف جسٹس اور روئت ہلا ل کے چیئر مین الشیخ دکتور ثقیل بن سایر الشمری گذشتہ 2روز سے پاکستان نجی دورے پر آئے ہوئے ہیں اور وہ مزید 2روز پاکستان میں ہی قیام کریں گے،ان کے ساتھ ان کا نوجوان بیٹا الشیخ عبداللہ بن ثقیل بن سایر الشمری بھی پاکستان میں آئے ہوئے ہیں ۔قطر کی اس اہم ترین شخصیت کے نجی دورے کو انتہائی ’’خفیہ ‘‘ رکھا گیا ہے اور اس کی میڈیا کو کانوں کان خبر نہیں لگنے دی گئی ۔الشیخ دکتور ثقیل بن سایر الشمری کے ’’خفیہ دورہ پاکستان ‘‘ کی اہم اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ انہیں پاکستان دورے کی دعوت حکمران جماعت کی اہم حلیف دینی جماعت مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے رہنما وں حافظ احمد اللہ حامد اور حافظ رضا اللہ نے دی ہے ۔
الشیخ دکتور ثقیل بن سایر الشمری نے اپنے دورہ پاکستان کے پہلے روز ملک کے اہم دینی مدرسے جامعہ سلفیہ کا دورہ کیا جہاں مدرسے کے منتظمین اور طلباء نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔جمعہ کا روز انہوں نے لاہور میں گزارا اور نادر آباد کینٹ کی جامعہ مسجد میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا اور پھر راوی روڈ میں مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سیکرٹریٹ کا دورہ کیا ،جس کے بعد وہ لاہور کے فائیو سٹار ہوٹل جہاں ان کا قیام ہے پر مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر ان کی سیکیورٹی بھی نہ ہونے کے برابر تھی کیونکہ ضلعی انتظامیہ بھی قطر کی انتہائی اہم ترین شخصیت کی لاہور میں موجودگی سے مکمل طور پر لاعلم ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر کے چیف جسٹس الشیخ دکتور ثقیل بن سایر الشمری سے فائیو سٹا ر ہوٹل میں اعلیٰ حکومتی ذمہ داران نے بھی ملاقات کی ہے ، ہفتے کے روز معزز مہمان قصور میں معروف دینی ادارے کا دورہکرنے کے فوری بعد ملتان بھی جائیں گے اور اگلے روز اتوار کو قطر واپس روانہ ہو جائیں گے ۔