آسٹریلیا کیساتھ زراعت کے شعبہ میں باہمی تعاون سے مثبت نتائج حاصل کئے

آسٹریلیا کیساتھ زراعت کے شعبہ میں باہمی تعاون سے مثبت نتائج حاصل کئے

لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے دوست ملک آسٹریلیا کے ساتھ زراعت کے شعبہ میں باہمی تعاون سے مثبت نتائج حاصل کئے ہیں۔ آسٹریلیا زرعی شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی سے ہائی ویلیو پروڈیکشن اور زیادہ پیداوار کے حامل بیجوں کے حوالے سے پنجاب حکومت کے ساتھ نئے منصوبوں پر کام کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب آلو ، پیاز ، ٹماٹر اور مرچ اور دیگر سبزیوں میں آسٹریلیا سے اپنے تجربات شےئر کرے گی۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمیشن مارگریٹ ایڈمسن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آسٹریلوی ہائی کمیشن کی سربراہی میں تجارت اور زرعی شعبہ سے متعلقہ چار رکنی وفد نے وزیر زراعت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ آسٹریلیا میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور زرعی شعبہ میں زیادہ پیداوارکے حصول کے حوالے سے استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی سے استعفادہ کیا جائے گا۔ محکمہ زراعت پنجاب کے افسران کے استعداد کار میں اضافے کے لئے فیلڈ افسران کو تربیت کے لئے آسٹریلیا بھیجا جائے گا ۔

آسٹریلوی ہائی کمیشن نے حکومت پنجاب کے چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی اور زرعی شعبہ میں کئے گئے اقدامات کی تعریف کی ۔انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں آسٹریلیا صوبہ پنجاب کے مختلف منصوبوں میں دلچسپی رکھتا ہے جن پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔

مزید : کامرس