انگلش ٹیم مشکلات کا شکار ، فالوآن سے بچنے کیلئے 152رنز درکار

انگلش ٹیم مشکلات کا شکار ، فالوآن سے بچنے کیلئے 152رنز درکار

 وشاکا پٹنم(اے پی پی) بھارتی بلے بازوں کی شاندار بلے بازی کے بعد باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے انگلش ٹیم کو مشکلات میں ڈال دیا ہے، انگلینڈ نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنا لئے اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 352 رنز جبکہ فالو آن سے بچنے کیلئے 152 رنز درکار ہیں اور اس کی 5 وکٹیں باقی ہیں، بین سٹوکس اور جونی بیئرسٹو 12، 12 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ جوروٹ 53 رنز بنا کر نمایاں رہے، ایشون نے 2 وکٹیں لیں، قبل ازیں بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 455 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، ویرات کوہلی 167 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، ایشون 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جیمز اینڈرسن اور معین علی نے 3، 3 وکٹیں لیں۔ جمعہ کو دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارتی ٹیم نے 317 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ویرات کوہلی 151 اور ایشون ایک رن پر کھیل رہے تھے، 351 کے مجموعی سکور پر کوہلی 167 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد معین علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، وریدیمن ساہا 3 اور روندرا جدیجا صفر پر آؤٹ ہوئے، 363 کے سکور پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد ایشون نے جیانت یاداو کے ساتھ مل کر آٹھویں وکٹ میں 64 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی، ایشون 58 رنز بنا کر سٹوکس کی گیند کا نشانہ بنے، 440 کے سکور پر یاداو 35 رنز بنا کر چلتے بنے، 455 کے سکور پر بھارت کی آخری وکٹ گری جب اومیش یاداو 13 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند کا شکار بنے، جیمز اینڈرسن اور معین علی نے 3، 3 جبکہ عادل رشید نے 2، سٹورٹ براڈ اور بین سٹوکس نے ایک، ایک وکٹ لی۔ انگلش ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور 4 کے سکور پر اسے کپتان ایلسٹرکک کا نقصان برداشت کرنا پڑا جو کہ 2 رنز بنا پائے، حسیب حمید نے جوروٹ کے ساتھ مل کر ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کی لیکن 51 کے مجموعی سکور پر حمید 13 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے، بین ڈیکٹ 5 رنز بنا کر ایشون کی گیند پر بولڈ ہوئے، 79 کے سکور پر انگلینڈ کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب جوروٹ جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 53 رنز بنا کر ایشون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، 80 کے سکور پر انگلینڈ کی پانچویں وکٹ گری جب معین علی ایک رن بنا کر جیانت یاداو کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد بین سٹوکس اور جونی بیئرسٹو نے محتاط انداز اپنایا اور مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے5 وکٹوں پر 103 رنز بنا لئے تھے اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 352 رنز اور فالو آن سے بچنے کیلئے 152 رنز کی ضرورت ہے۔ سٹوکس اور بیئرسٹو 12، 12 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔ ایشون نے دو اور جیانت یاداو نے ایک وکٹ لی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی