ڈوپلیسی مبینہ بال ٹمپرنگ میں قصوروار، 1 ٹیسٹ کی معطلی کا خطرہ

ڈوپلیسی مبینہ بال ٹمپرنگ میں قصوروار، 1 ٹیسٹ کی معطلی کا خطرہ
 ڈوپلیسی مبینہ بال ٹمپرنگ میں قصوروار، 1 ٹیسٹ کی معطلی کا خطرہ

  

دبئی(اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جنوبی افریقن ٹیم کے کپتان اور بلے باز فاف ڈوپلیسی پر مبینہ طور پر بال ٹیمپرنگ کا الزام عائد کر دیا، ڈوپلیسی کے سر پر ایک ٹیسٹ سے معطلی کی تلوار لٹکنے لگی ہے اور جرمانہ بھی ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ڈوپلیسی پر آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ یا گیند کی شکل خراب کرنے کا الزام ہے۔ جنوبی افریقن ٹیم نے ہوبارٹ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو اننگز اور 80 رنز سے شکست دی تھی اور 15 نومبر کو میچ ختم ہونے کے بعد ٹی وی فوٹیج میں 32 سالہ ڈوپلیسی کو مبینہ طور پر منہ میں موجود کسی مصنوعی چیز سے گیند چمکاتے دیکھا گیا تھا جس کے بعد آئی سی سی نے تحقیقات شروع کر دی تھیں۔ جمعہ کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈوپلیسی پر ورلڈ گورننگ کونسل کے ضابطہ اخلاق کی لیول ٹو کی خلاف ورزی کا الزام ہے اور انہیں ایک مصنوعی ذریعے سے گیند کی شکل کی تبدیلی کا ملزم قرار دیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق ڈوپلیسی نے اس الزام کو تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے اور اب اس معاملے کی سماعت آئی سی سی کے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کریں گے۔ آئی سی سی لیول ٹو کی خلاف ورزی کی سزا 50 سے 100 فیصد تک میچ فیس کی بطور جرمانہ ادائیگی ہے جس کے علاوہ کھلاڑی کو معطلی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ یاد رہے کہ ڈوپلیسی ماضی میں بھی بال ٹیمپرنگ کرنے پر نصف میچ فیس بطور جرمانہ ادا کر چکے ہیں۔ یہ واقعہ 2013 میں پاکستان کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میں پیش آیا تھا اس انہیں گیند کو اپنے ٹروزر کی جیب کی زپ سے رگڑتے ہوئے دیکھا گیا تھا اور ایمپائرز نے موقع پر جنوبی افریقہ کو پانچ رنز کی پنلٹی دیتے ہوئے گیند تبدیل کر دی تھی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی