چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا بچوں کے عالمی دن پر سالانہ سپورٹس فیسٹیول

چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا بچوں کے عالمی دن پر سالانہ سپورٹس فیسٹیول

لاہور (لیڈی رپورٹر) چیئر پرسن چا ئلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو صبا صادق کی ہدایت پر بچوں کے عالمی دن کے موقع پر سالانہ سپورٹس فیسٹول کا انعقاد کیاگیا ۔ اس موقع پر چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ان کے علاوہ مسز جسٹس سعد سعود جان، چائلڈرائٹس موومنٹ کے نمائندگا ن نے بھی شرکت کی۔ ڈائریکٹر پروگرامز تانیہ ملک اور دیگر سٹاف نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ سپورٹس فیسٹول میں لاہور کے علاوہ فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، راولپنڈی ،سیالکوٹ اور بہاولپور میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے دفاتر میں مقیم بچوں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر بچوں کے درمیان مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے گئے جس میں کرکٹ، رسہ کشی، بوری ریس، میوزیکل چیئر اور دیگر کھیل شامل ہیں۔تقریب کے اختتام پر مختلف مقابلوں میں جیتنے والوں بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ بچوں کی دلچسپی کیلئے جھولوں، جمپنگ کیسٹل کا اہتمام کیا گیا جس سے بچے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوئے۔ اس موقع پر تقریب کے خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے تما م مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو بے سہارا بچوں کے تحفظ اور بحالی کیلئے کوشاں ہے اور بے سہارا بچوں کیلئے بھرپور خدمات سرانجام دے رہا ہے اور ایک مشن کے تحت کام کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ بچے قوم کے بچے ہیں اور حکومت پنجاب ان بچوں کی فلاح و بہبود اور تعلیم و تربیت کیلئے کوشاں ہے۔ چیئر پرسن صبا صادق نے مہمانان گرامی کا چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچوں کے ساتھ بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں شامل ہونے پر شکریہ ادا کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1