موت کی سزا پانیوالے دو مجرموں کی سزا عمر قید میں تبدیل، دو کو بری کرنیکا کا حکم

موت کی سزا پانیوالے دو مجرموں کی سزا عمر قید میں تبدیل، دو کو بری کرنیکا کا ...

لاہور(نامہ نگار)موت کی سزا پانے والے 4 ملزموں کی اپیلوں پر عدالت عالیہ کی جانب سے دومجرموں کی سزاے موت کو عمرقیدمیں تبدیل کئے جانے جبکہ 2کو بری کرنے کا حکم ملنے پرسیشن جج نے کوٹ لکھپت جیل انتظامیہ کو عدالت عالیہ کے مذکورہ بالاحکم سے آگاہ کردیاہے۔عدالت عالیہ میں 4ملزموں غلام مصطفی، محمد ریاض، عبدالرزاق اور مشتاق شاہ نے سیشن کورٹ سے ملنے والی سزاے موت کی سزا کے خلاف اپیلیں دائر کیں جس پرعدالت نے ملزم غلام مصطفی اور محمد ریاض کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا جبکہ عبدالرزاق اور مشتاق شاہ کو بری کردیاہے، ملزم غلام مصطفی کے خلاف تھانہ شیراکورٹ پولیس نے 2005ء میں محمد اسلم نامی شخص کو قتل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا، جسے ایڈیشنل سیشن جج صادق مسعود نے 2013ء میں سزاے موت کی سزاسنائی تھی ،اسی طرح ملزم محمد ریاض کے خلاف تھانہ مصری شاہ پولیس نے 2006ء میں محمد شہزاد کو قتل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا اسے بھی ایڈیشنل سیشن جج صادق مسعود نے سزائے موت کی سزا سنائی تھی۔

جبکہ ملزم عبدالرزاق کے خلاف تھانہ بادامی باغ پولیس نے 2005ء میں علی کو قتل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا اسے ایڈیشنل سیشن جج صادق مسعود نے 2013ء میں موت کی سزا دی تھی۔

اسی طرح مشتاق شاہ کے خلاف تھانہ گڑھی شاہو پولیس نے 2006ء میں مقدمہ درج کیا اور2010ء میں ایڈیشنل سیشن جج محمد رفیق نے موت کی سزا کا حکم سنایا تھا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4