بھارتی ایٹمی آبدوز کا پتہ فضا سے لگایا گیا، ایڈمرل (ر) تسنیم احمد

بھارتی ایٹمی آبدوز کا پتہ فضا سے لگایا گیا، ایڈمرل (ر) تسنیم احمد

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک بحریہ نے کمال مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے بھارتی آبدوز کی پاکستان سمندری حدود میں داخلے کی کوشش ناکام بنائی لیکن یہ جان کر آپ کو خوشی بھی ہو گی اور آپ کا جوش و جذبے میں بھی بے پناہ اضافہ ہو جائے گا کہ پاک بحریہ نے اس آبدوز کا پتہ فضائی نگرانی سے لگایا۔تفصیلات کے مطابق ایڈمرل (ر) تسنیم احمد نے جیو ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جرمن ساختہ آبدوز ہے جو دنیا کی بہترین آبدوزوں میں سے ایک ہے اور میرے علم کے مطابق اس کا پتہ فضائی نگرانی کے ذریعے چلایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے پاس پانی اور فضا، دونوں سے اس طرح کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے کیلئے آلات موجود ہیں جس کا بخوبی استعمال بھی کیا جاتا ہے لیکن اس طرح کی مہلک آبدوز کا فضاسے پتہ لگانا انتہائی حیران کن اور زبردست بات ہے جو پاک بحریہ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی آبدوز کے پاکستان آنے کے تین سے چار مقاصد ہو سکتے ہیں۔ ایک مقصد پاکستان اور چین کی مشترکہ جنگی مشقوں کی نگرانی ہو سکتا ہے جبکہ دوسرا مقصد گوادر پورٹ کے افتتاح کے بعد اس کی نگرانی، تیسرا مقصد پاک بحریہ کی نیول بیس کی نگرانی ہو سکتا ہے اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ملک دشمنوں کی مدد کیلئے اسے بھیجا گیا ہو۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے علم میں یہ بات بھی آئی ہے کہ اس کا پتہ لگانے کے بعد اسے پانی کی سطح پر آنے پر مجبور کیا گیا اور پھر 3 سے 4 دن تک اسے حراست میں رکھا گیا جس کے بعد اسے پاکستانی حدود سے دور دھکیلا گیا۔

تسنیم احمد

مزید : صفحہ اول