فلسطین میں اذان پر پابندی قبول نہیں، طاہر محمود اشرفی

فلسطین میں اذان پر پابندی قبول نہیں، طاہر محمود اشرفی

لاہور(خبر نگار خصوصی) فلسطین میں اذان پر پابندی ملت اسلامیہ کو قبول نہیں ۔مکہ مکرمہ ،مدینہ منورہ میں حملوں کے بعد اب الاقصیٰ میں اذان پر پابندی لگانے کی کوششیں عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔پاکستان علماء کونسل کی 19نومبر سے ’’بیداری مسلم مہم ‘‘ انتہاپسندی دہشت گردی کیخلاف اور عالم اسلام کے مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے شروع کی جارہی ہے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامع مسجد صدیق اکبرؓ جوہر ٹاؤن میں علماء کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران جن مسائل کی نشاندہی کی ہے ان کے حل کی ضرورت ہے اور عالم اسلام کے مسائل کا حل وحدت اور اتحاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف مکہ مکرمہ پر میزائل حملہ کی کوشش اور دوسری طرف فلسطین میں اذان پر پابندی کے قانون بنانے والے مسلمانوں کے مقدسات کے دشمن ہیں۔ اسلامی سربراہی کانفرنس کے وزراء خارجہ کے مکہ مکرمہ میں ہونے والے اجلاس سے جو مسلم امہ کو توقعات ہیں وہ پوری نہیں ہوئیں۔

طاہر محمود اشرفی

مزید : صفحہ آخر