ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرزکا گیس کی سپلائی بند کر کے ملک گیر احتجاج کا اعلان

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرزکا گیس کی سپلائی بند کر کے ملک گیر احتجاج کا اعلان

لاہور )کامرس رپورٹر(ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرزایسوسی ایشن نے گیس کی سپلائی بند کرنے کیساتھ ساتھ ملک گیر احتجاج کی دھمکی دے دی۔ ایسوسی ایشن اور رکشہ یونین نے سرکاری بھتہ خوروں ، پولیس کی غنڈہ گردی و بے جا مداخلت، سول ڈیفنس کی من مانیاں، دکانداروں کے معاشی قتل کیخلاف24نومبر کو ناصر باغ میں دما دم مست قلندر کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا۔ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن اور عوامی رکشہ یونین کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں پولیس کی ایل پی جی کے کاوبار میں بے جا مداخلت، سول دیفنس و مجسٹریٹ کی بدمعاشی اور سرکاری بھتہ خوروں کی گیس کی دوکانوں سے روزانہ کی بنیاد پر بھتہ لینے سے ابھی تک 4ہزار سے زاہد ایل پی جی دکانیں بند ہو چکی ہیں۔ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز و دکانداروں کے معاشی قتل کرنے سے ہزاروں وابستہ خاندانوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پر چکے ہیں۔ سردیوں میں سوئی گیس کی بندش کے بعد چولہا جلانے کا واحدحل ایل پی جی کا استعمال ہے لیکن اب غریب صارفین ایل پی جی گیس سے بھی محروم ہوتے دکھائی دے رہیں ہیں۔ انتظامیہ کی وجہ سے سینکڑوں خاندانوں کو مشکل کا سامنا ہے۔ دوسری طرف گوجرانوالہ میں قائم 400سے زاہد ایل پی جی غیر معیاری سلنڈر بنانیوالے کارخانوں نے دوبارہ موت کے کھلونے بنانے کا کام شروع کر دیا۔ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرزایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ 10روز قبل حکومت کے سامنے اپنے مطالبات و خدشات واضح کرنے کیساتھ ساتھ ملک گیر احتجاج اور ہڑتال کاالٹی میٹم بھی دیا تھالیکن اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز و دکانداروں کے معاشی قتل کرنے پر حکومت کیخلاف اب 24نومبر کو ناصر باغ میں دما دم مست قلندر ہوگا۔ پولیس و دیگر انتظامیہ کی بے جہ مداخلت و بھتہ خوری کیخلاف بھر پور احتجاج ہوگا۔ ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو 28نومبرکو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی۔ عوامی رکشہ یونین کے صدر مجید غوری اور ایل پی جی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان نذیز کاہلوں نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی بھتہ خوری اور پولیس کی بے جا مداخلت سے ملک بھر کی دکانیں بند ہیں اور حکومت نے رکشہ والوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کو سستے ایندھن سے محروم کر دیا۔ لاکھوں خاندانوں کا رزق اس سے جڑا ہوا ہے اور حکومت وقت نے سینکڑوں خاندانوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کر دیے۔انہوں نے کہا کہ 24نومبر کو ناصر باغ میں بھر پور احتجاج ہوگا اور اگر مطالبات نہ مانے گئے تو 28نومبر کو خیبر سے کراچی تک گیس سپلائی بند کر دینگے،ملک گیر شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ہوگی۔

ایل پی جی

مزید : صفحہ آخر