سندھ اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا

سندھ اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو صبح 10 بجے کے مقررہ وقت کے بجائے ایک گھنٹے کی تاخیر سے 11 بجکر 5 منٹ پر شروع ہوا ۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر آغا سراج درانی نے کی ۔ جمعہ کو اجلاس کی کارروائی کے دوران ایجنڈے میں موجود تمام امور کو بڑی تیزی کے ساتھ نمٹایا گیا ۔ وقفہ سوالات محض 15 منٹ میں نمٹا دیا گیا اور ایجنڈے میں شامل باقی نکات بھی بڑی تیزی سے نمٹا دیئے گئے اور ایوان کی کارروائی دوپہر پونے ایک بجے مکمل ہو گئی اور اسپیکر نے اجلاس پیر کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا ۔ سندھ اسمبلی میں جمعہ کو صوبے میں شیشہ پینے پر پابندی سے متعلق بل 2016 کو متعلقہ مجلس قائمہ کے حوالے کر دیا گیا ۔ اجلاس کے دوران جب ایوان میں اس بل کا معاملہ زیر غور آیا تو وزیر پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ایوان میں یہ بل پہلے ہی متعارف ہو چکا ہے تاہم فی وقت اسے ہم متعلقہ مجلس قائمہ کے حوالے کرنا چاہتے ہیں ، جو ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کریں گے ۔ نثار کھوڑو نے کہاکہ اس بل کا مقصد کسی کا حقہ پانی بند کرنا نہیں ہے بلکہ نوجوان نسل کو شیشہ پینے کے مضر اثرات سے بچانا ہے ۔ جس پر اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ شیشہ ویسے بھی ہمارے نہیں عربی کلچر کا حصہ ہے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول