مشرف کالونی میں رینجرز سے مقابلہ ،2گینگ وار کارندے ہلاک
کراچی(کرائم رپورٹر)قانون نافذکرنے والے اداروں کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔رینجرز کے ساتھ مقابلے میں لیاری گینگ وار کے دوکارندے مارے گئے جبکہ دورینجرز اہلکاربھی زخمی ہوئے ہیں، پولیس نے مختلف کارروائیوں میں تین زخمیوں سمیت 4 ملزمان کو دھر لیا گیا۔۔تفصیلات کے مطابق رینجرز نے مشرف کالونی میں ٹارگیٹڈ کارروائی کی اسی دوران گینگ وار کے کارندوں نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے میں دو رینجرز اہلکار زخمی ہو گئے۔ جس پر رینجرز کی بھاری نفری کو طلب کر لیا گیا۔ رینجرز سے مقابلے کے دوران گینگ وار کے دو کارندے مارے گئے۔ ہلاک ملزموں کا تعلق لیاری گینگ وار کے عزیر بلوچ گروپ سے تھا۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز کے دواہلکار بھی زخمی ہوئے اور ہلاک دونوں دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔دوسری جانب کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں بھی مبینہ پولیس مقابلے میں دوملزمان سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیاہے۔پولیس حکام کے مطابق گرفتارتینوں ملزمان اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ گرفتار ملزموں کے قبضے سے 3 پستول اور مسروقہ سامان بھی برآمدہواہے ۔ ادھر سپر مارکیٹ پولیس نے کارروائی کے دوران مطلوب ملزم ندیم عرف چٹاکو گرفتار کرلیا۔ملزم دہشت گردی سمیت جرائم کی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم سے دو آوان بم، پستول،ایک خودکارمشین گن اور گولیوں کے میگزین برآمد ہوئے ہیں۔