سی پیک پورے خطے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریگا جو اپنی حیثیت کا منفرد منصوبہ ہے :پرویز خٹک

سی پیک پورے خطے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریگا جو اپنی حیثیت کا منفرد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سی پیک پورے خطے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔یہ اپنی حیثیت کا منفرد منصوبہ ہے جو پورے خطے کو باہم مربوط کرے گا۔چین اس سلسلے میں بدستور سرمایہ کاری کررہا ہے باقی اسلامی برادر ممالک کو بھی آگے آنا چاہیئے اور اس خطے کی اہمیت کے تناظر میں سرمایہ کاری کرنی چاہیئے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم سرمایہ کاری کے مواقع پیش کرچکے ہیں اور فیزبیلٹی تیار کرلی ہے۔صوبے کے مستقبل کا تعین کرلیا ہے جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پڑوسی ممالک کے عوام بھی مستفید ہوں گے ۔ہم تربیت یافتہ فورس تیار کر رہے ہیں متحدہ عرب امارات کو جس قسم کی بھی افراد ی قوت درکار ہو گی فراہم کریں گے ۔ہم اپنے اسلامی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور تجارتی سرگرمیوں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم سی پیک کے تناظر میں سرمایہ کاری کیلئے مختلف شعبہ جات میں انتظامات مکمل کر چکے ہیں۔ہمارے صوبے میں توانائی ، سیاحت ، صحت ، تعلیم ، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ہم نے سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار دوست ماحول بنایا ہے ۔حالات سازگار ہیں یہی وجہ ہے کہ اب مقامی سرمایہ کاروں کے علاوہ بین الاقوامی سرمایہ کار بھی یہاں کا رخ کررہے ہیں۔نئے منصوبے سامنے آرہے ہیں اور لوگ یہاں سرمایہ لگانے میں گہر ی دلچسپی لے رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم نے حکمرانی کا ایک شفاف نظام قائم کیا ہے۔سرمایہ کاروں کو بہترین مراعات دے رہے ہیں۔صوبائی صنعتی پالیسی کے ذریعے پرکشش مراعات دینے کے علاوہ ون ونڈ آپریشن کی سہولت دی جارہی ہے۔اس مقصد کیلئے ایک آزاد اور با اختیار کمپنی اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی بنا دی گئی ہے۔ہم نے صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے این او سی کی شرط ختم کر دی ہے۔بیرونی سرمایہ کاروں کو بہترین سیکورٹی وغیرہ کے لئے اقدامات کئے ہیں۔اس خطے کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید خطو ط پر منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔مستقبل میں یہ خطہ تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز ثابت ہو گا۔پاک چین اقتصادی راہدری کی وجہ سے اس خطے کی سٹرٹیجک اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے ۔ہم چاہتے ہیں کہ مسلم ممالک کے لوگ بھی آگے آئیں اور یہاں سرمایہ کاری کریں ۔باہمی شراکت پر مبنی سرمایہ کاری کی وجہ سے ہمارے دوستانہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی ۔ایک دوسرے کے مسائل کو سمجھنے اور چیلنجز سے نمٹنے کا موقع ملے گا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس خطے کی اہمیت اور ملک کے مستقبل کے بارے میں کبھی سوچا نہیں گیا ۔ہم نے گزشتہ تین سالوں سے اپنے ویژن کے تحت ترقی کے اہداف مقرر کئے اور اُن کے حصول کیلئے دیر پا اقدامات کر رہے ہیں۔ہم قوم کے مستقبل کو مدنظر رکھ کر طویل المدتی منصوبہ بندی کرچکے ہیں جس سے نہ صرف پاکستان کو ایک مضبوط بنیاد میسر ہو گی بلکہ دوست ممالک بھی استفادہ کر سکیں گے۔صوبے میں صنعتکار ی کے فروغ کیلئے شفاف طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔متحدہ عرب امارات کے سفیر نے صوبے کے سیاحت ، صنعت اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے وزیراعلیٰ کی پیش کش کو اپنے ملک کے سرمایہ کاروں کے سامنے رکھوں گا۔انہوں نے کہاکہ ہمارے 50 سال پر مبنی پرانے تعلقات ہیں۔ہم اسلامی برادرز ملک ہیں۔ہمارے عوام کا ایک دوسرے کے ساتھ گہرا لگاؤ ہے۔ہم ان تعلقات کو نیا رخ دینا چاہتے ہیں۔ سفیر نے کہا کہ شیخ زید کو پاکستان سے خاص محبت تھی ۔ شیخ زید اسلامک سنٹر اسلامی کلچر کے فروغ میں مصروف ہے اور اچھاکردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے اپنے پشاور کے دورہ کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر اس خطے کی ترقی میں کردار ادا کریں گے ۔

پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی موضع ساران اضاخیل ضلع پشاور میں ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ کیلئے اراضی کا حصول یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے یہ ہدایت آج موضع ساران ضلع پشاور کے دورہ کے دوران متعلقہ حکام سے گفتگو کرتے ہوئے جاری کی۔ صوبائی وزیر برائے آبنوشی شاہ فرمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ساران پہنچنے پر واٹر اینڈ سینٹیشن سروسز پشاور کے جنرل منیجر عطاء الرحمن نے وزیراعلیٰ کو پراجیکٹ سے متعلق بریفینگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کیلئے 540 کنال اراضی درکار ہے۔ اس منصوبے سے 12 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ پرویز خٹک نے ہدایت کی کہ تمام فریقین کو سائٹ کا دورہ کرنا چاہیئے تاکہ مطلوبہ اہداف کیلئے موزوں اراضی کا انتخاب یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ وہاں صنعتی زون کے قیام کی بھی منصوبہ بندی کی جائے اور چیئرمین اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی غلام دستگیر صنعتی زون کی سائٹ کا انتخاب کرنے کیلئے علاقے کا خود دورہ کریں۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک پسماندہ علاقہ ہے۔ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ اور صنعتی زون کے قیام سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر موجود عوام سے بھی گفتگو کی ۔ انہوں نے عوام سے کہاکہ وہ اپنی فلاح میں شروع کی گئی تمام ترقیاتی سرگرمیوں پر گہر ی نظر رکھیں۔ انہیں یقین ہونا چاہیئے کہ عوامی فلاح حکومت کی ترجیحات میں سرفہر ست ہو گی تاہم عوامی پیسے کے شفاف اور منصفانہ استعمال کو یقینی بنانے کیلئے لوگوں نے منصوبوں کی نگرانی کرنی ہے۔ ان کی حکومت عوام کو جوابدہ ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ عوام کی نمائندگی اسی طریقے سے ہو جس طرح عوام چاہتے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان کی حکومت عوام کے ساتھ مضبوط رابطے میں ہے اور عوامی مفاد میں کئے جانے والے تمام حکومتی فیصلے عوام کی خواہش کے عکاس ہوں گے۔