بھارت بلوچستان میں حالات خراب کر رہا ہے دشمن کا انجام عبرتناک ہو گا :میجر جنرل شیر افگن
دالبندین(اے این این ) آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیرافگن نے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان میں حالات خراب اورکالعدم تنظیموں کو امداد فراہم کررہاہے ،دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے باقی رہ جانیوالے کا انجام بھی عبرتناک ہوگا،چاغی ایک پرامن علاقہ ہے جو معدنی دولت سے مالا مال ہے ، ہمیں اس دولت کو استعمال میں لانے کیلئے مزید اقدامات کرنے ہوں گے ،سی پیک سے بلوچستان کوکافی فائدہ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چاغی کے دورے کے موقع پر قبائلی عمائدین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میجر جنرشیرافگن کا ایف سی 56ونگ کا دورہ کمانڈنٹ دالبندین رائفلز عمران شفیع،اور لیفٹنٹ کرنل ارشد حسین بلوچ نے انکا استقبال کیا ۔ اس موقع پر ایف سے کے جوانوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور ایف سی 56ونگ میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا ۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن نے چاغی قبائلی عمائدین سے ملاقات کر تے ہوئے کہا چاغی ایک پر امن علاقہ ہے اور معدنی وسائل سے مالہ مال ہے اور ہمیں اس معدنی دولت کو استعمال میں لانے کے لئے مزیداقدامات کرنے ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ سی پیک سے بلوچستان کو کافی فائدہ ہوگا اور بلوچستان ملک کے دیگر صوبوں کے برابر کھڑا ہو جائیگا ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں کالعدم تنظیموں کو بھارت سپورٹ کر رہا تھا مگر عوام کے تعاون سے اب یہ تمام کالعدم تنظیمیں غیر فعال ہوچکی ہیں اور بلوچستان کے تمام سر حدی علاقوں میں سیکیورٹی سخت کر دی ہے، دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، سانحہ کوئٹہ پی ٹی سی میں بھارت ملوث تھا۔مگر ہم دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دینگے اور بلوچستان میں امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایف سی کو ہدایت کی ہے چاغی عوام کے جان ومال کا تحفظ کو یقینی بنایا جائے تاکہ یہاں پر امن برقرار رہے، میرے دورے کا مقصد صرف اور صرف چاغی کے عوام کے لیے تھا اور بلوچستان کے حالات کو خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے اور ملک دشمنوں کے عزائم کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے ۔ انکا کہنا تھاکہ ایف سی نے بلوچستان میں بہت سے اسکولز کھولے ہیں اور تعلیم کو فروغ دینے کے لیے تاکہ بلوچستان کے ہر چھوٹے بڑے شہر اور خصوصا دیہاتی علاقوں میں تعلیم عام ہوں تعلیم کے ذریعے ہم دنیا بھر سے مقابلہ کر سکتے ہیں تعلیم حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے ۔اس موقع پر ڈسڑکٹ چیئر مین داود خان نوتیزئی ،سردار شاہ معمود خان سنجرانی ،سردار غیاث درانی ،ملک کریم داد محمد حسنی ودیگر قبائلی عمائدین موجود تھے ۔