بزنس کمیونٹی مفادات کا سودا کرنے والوں کو مستردکردیگی،مہتاب چاولہ

بزنس کمیونٹی مفادات کا سودا کرنے والوں کو مستردکردیگی،مہتاب چاولہ

کراچی (اکنامک رپورٹر)ٖپاکستان بزنس گروپ کے رہنماؤں نے کہاہے کہ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں اب بزنس کمیونٹی کے حقیقی نمائندے ہی کامیاب ہوں گے۔برسراقتدار گروپ نے دو سال کے دوران بزنس کمیونٹی کے کوئی مسائل حل نہیں کرائے ہیں بلکہ اپنی ذاتی مفادات حاصل کیئے ہیں۔ان خیالات کا اظہارجمعہ کو پاکستان بزنس گروپ کے چیئرمین مہتاب الدین چاؤلہ،پاکستان بزنس گروپ اوربزنس مین پینل کے مشترکہ صدارتی امیدوارعبدالرحیم جانو، پاکستان بزنس گروپ کے ترجمان محمدیحییٰ پولانی،الیکشن سیل کے انچارچ عبدالوحیدشاہ، رفیق سلمان ،شاہ نوازاشتیاق اور دیگرنے مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بزنس گروپ اوربزنس مین پینل نے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیاہے جوکہ بزنس کمیونٹی کے حقیقی نمائندے ہیں اور بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔گزشتہ دوسال سے فیڈریشن میں برسراقتدارگروپ نے سوائے اپنی ذاتی مفاد کے بزنس کمیونٹی کے لیے کچھ بھی نہیں کیاہے بلکہ دو سال میں اپنی ذاتی انڈسٹری کے خام مال میں ڈیوٹی کم کرائی ہے ۔یونائیٹڈ بزنس گروپ اور ان کے سرپرستوں کو بزنس کمیونٹی کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے وہ انتخابی مہم میں ذاتیات پر اتر آئے ہیں کیونکہ ان کے پاس اس بات کا جواب نہیں ہے کہ انہوں نے دو سال کے دوران بزنس کمیونٹی کے مسائل کیوں حل نہیں کرائے ۔پاکستان بزنس گروپ کے رہنماؤں نے کہاکہ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے بڑی ڈھٹائی سے کہاجاتاہے کہ ملکی برآمدات کسادبازاری کے باعث کم ہوئی ہیں جوکہ درست نہیں ہے،امریکہ میں کساد بازاری 5سال پہلے ختم ہوچکی ہے۔بنگلہ دیش میں کپاس نہ ہونے کے باوجودبرآمدات میں اضافہ ہواہے اور اس کی برآمدات34ارب ڈالرہوچکی ہیں جبکہ بھارت کی برآمدات میں بھی 7ارب ڈالرکا اضافہ ہواہے۔پاکستان بزنس گروپ کے رہنماؤں نے کہاکہ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں بزنس کمیونٹی اپنے مفادات کا سودا کرنے والوں کو مسترد کردے گی ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر