کے الیکٹرک گرلزباکسنگ ٹورنامنٹ 19نومبر کو ہوگا

کے الیکٹرک گرلزباکسنگ ٹورنامنٹ 19نومبر کو ہوگا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک گرلزباکسنگ ٹورنامنٹ 19نومبر کو نیشنل کوچنگ سینٹر، کراچی میں ہوگا۔اس بات کا اعلان ایک پروقار تقریب کے دوران کیا گیا جس میں کے الیکٹرک کے نمائندوں، اسپورٹس اسٹارز اور میڈیا نے بھی شرکت کی۔کے الیکٹرک اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ڈسٹرکٹ ساؤتھ باکسنگ ایسو سی ایشن کے تعاون سے کر رہا ہے جس کا مقصد کھیلوں میں حصہ لینے کے لیے خواتین کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔ کے الیکٹرک ملک کا پہلاکارپوریٹ ادارہ ہے جس نے کسی بھی سطح پر خواتین کے باکسنگ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا ہے۔ اس ایک روزہ ٹورنامنٹ میں شہر بھر سے 20 لڑکیاں حصہ لے رہی ہیں جن کے درمیان دس مقابلے ہوں گے اور ہر مقابلہ تین راؤنڈز پر مشتمل ہو گا۔اس موقع پر ایم پی اے ثانیہ ناز نے عوامی سطح پر باکسنگ کی حوصلہ افزائی کرنے پر ادارے کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا،یہ لڑکیاں بھرپور توانائی کے ساتھ ساتھ بہترین تکنیک اور فٹنس رکھتی ہیں۔انہیں صرف درست سمت میں معاونت اور رہنمائی کی ضرورت ہے جو کے الیکٹرک اس ٹورنامنٹ کے ذریعے انہیں فراہم کررہا ہے۔مجھے امید ہے کہ دیگر ادارے بھی اسی طرح مستقبل کی خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔‘‘کے الیکٹرک کے چیف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن آفیسر سید فخر احمد نے باکسنگ کے مقابلے میں حصہ لینے والی لڑکیوں کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا،’’ کے الیکٹرک کھیل سے گہری وابستگی رکھتی ہے اور نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔ملکی تاریخ کے پہلے گرلز باکسنگ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے ذریعے ہم خواتین باکسرزکو ان کا ٹیلنٹ آزمانے اورصلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے ایک مضبوط پلیٹ فارم مہیا کر رہے ہیں۔کے الیکٹرک مستقبل میں بھی ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی سرپرستی کرتی رہے گی۔‘‘

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر