متحدہ کے رکن سندھ اسمبلی شیراز وحید کی ضمانت منظور
کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی شیراز وحید کی10لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی ہے ۔جمعہ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ایم کیو ایم کے شیراز وحید کیخلاف ملک دشمن سر گرمیوں اور بغاوت کے مقدمات میں ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی ۔عدالت میں پولیس کی جانب سے کہنا تھا کہ بغاوت کے مقدمے میں پانچ مفرور ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جاسکا جبکہ عدالت نے پانچوں مفرور ملزمان دانش سعید،نعیم، شمشاد، سید اظہر علی کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ عدالت میں وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ میرے موکل کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہیں۔ عدالت نے گواہوں کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا جبکہ عدالت نے شیراز وحید کی10لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی ہے۔