اسلام آباد چیمبر میں گلوبل انٹرپرینیورشپ ویک 2017کی تقریب کا انعقاد
اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ینگ انٹرپرینیورز فورم نے گلوبل انٹرپرینیورشپ ویک 2017منانے کیلئے ایک تقریب کا انعقاد کیا جس کا موضوع انوویشن روبرو انٹرپرینیورشپ تھا۔ تقریب میں اگنائٹ (سابق نیشنل آئی سی ٹی آر اینڈڈی فنڈ)، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور یونیڈو کے نمائندگان کے علاوہ نوجوان انٹرپرینیورز اور طلبا کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ پاکستان کی اکثریتی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور حکومت انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کیلئے سازگار پالیسیاں بنائے تاکہ نوجوان طبقہ انٹرپرینیورشپ کو اپنا نے میں سہولت محسوس کرے جس سے بے روزگاری کم ہو گی اور معیشت تیز رفتار ترقی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انٹرپرینیورز صنعتی شعبے کی کارکردگی کومزید بہتر کرنے کیلئے نئی ایجادات پر مشتمل مصنوعات تیار کر سکتے ہیں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت انٹرپرینیورز کو کامیاب نئی ایجادات مارکیٹ میں متعارف کرانے پر 10سال کیلئے ٹیکس کی چھوٹ دینے پر غور کرے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کی حوصلہ افزائی کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔ینگ انٹرپرینیورز فورم کے چیئرمین رافعت فرید نے فورم کی طرف سے انٹرپرینیورشپ کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی صنعتوں کو کئی مسائل کا سامنا ہے لہذا انٹرپرینورز ان مسائل کو حل کرنے کیلئے نئی ایجادات پر توجہ دیں کیونکہ بہت سے صنعتکار مسائل کے حل کیلئے نئی ایجادات کو فنڈ فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ینگ انٹرپرینیورز فورم نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنے اور نئی ایجادات کرنے کیلئے کوششیں مزید تیز کرے گا۔
اگنائٹ کے منیجر ادریس اعوان نے کہا کہ ان کا ادارہ نالج اکانومی کو فروغ دینے اور جدید آئیڈیاز کو کمرشلائز کرنے کیلئے کام کر رہا ہے ۔
انہوں نے اس موقع پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی جس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ وہ کیسے ایجادات پر مبنی پراجیکٹس کیلئے اگنائٹ سے فنڈنگ حاصل کر سکتے ہیں جو صرف گرانٹ ہوتی ہے اور اس کی واپس ادائیگی بھی نہیں کرنا پڑتی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ اب تک 141پراجیکٹس کو 2.3ارب روپے کی فنڈنگ اور 1500سے زائد افراد کو ٹرینگ فراہم کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نئی ایجادات پر مبنی پراجیکٹس کیلئے ان کے ادارے کی خدمات سے استفادہ حاصل کرنے کی کوشش کریں۔یونیڈو کی نیشنل پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہینہ وحید نے گلوبل کلین ٹیک انوویشن پروگرام کی تفصیلات سے شرکاء کو آگاہ کیا جو پاکستان سمیت دنیا کے 10ممالک میں چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرم کا مقصد پاکستان میں کلین ٹیکنالوجی انوویشنز کو فروغ دے کر پائیدار صنعتی ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیڈو نے ایس ایم ایز کو تربیت فراہم کرنے اور انٹرپرینیورز کو سرمایہ کاروں کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کے منیجر میچ میکنگ طارق عزیز نے کہا کہ ان کا ادارہ ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے اپلائیڈ ریسرچ پر مشتمل پراجیکٹس کو عملی شکل دینے اور صنعتی شعبے کی ویلیو ایڈیشن کیلئے فنڈنگ فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے انٹرپرینیورز کو ضروری مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی کال کے نتیجے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 116تجاویز موصول ہوئیں جن میں سے 14اپلائیڈ شعبوں میں 35منصوبوں کو فنڈنگ کیلئے منظور کر لیا گیا ہے ۔ تقریب کے اختتام پر طلبا و نوجوانوں نے انٹرپرینیورشپ کے بارے میں بہت سے سوالات کئے جن کے تفصیلی جوابات دیئے گئے۔ ۔#/s#