ہفتہ وار افراط زر میں 0.88 فیصد کمی
کراچی(آن لائن) ملک میں ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے نتیجے میں حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) پر مبنی ہفتہ وار افراط زر کی شرح 0.88 فیصد گرگئی تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 2.32 فیصد کا اضافہ ہوا۔پاکستان بیوروشماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 16 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک میں ٹماٹر کے اوسط نرخ ہفتہ وار بنیادوں پر20.30 فیصد (24.79روپے) کمی سے 97.35 روپے فی کلو گرام رہ گئے جو ایک ہفتے قبل 122.14 روپے تھے، پیاز کے نرخ بھی 84.78 روپے سے 16.05 فیصد (13.61روپے) گھٹ کر 71.17 روپے فی کلو گرام رہ گئے۔اس کے علاوہ دال ماش2.79 فیصد کی کمی سے 167.81 روپے فی کلو اور آلو 1.97 فیصد کمی سے 41.88 روپے فی کلو ہوگئے جبکہ دال مونگ0.91 فیصداور دال مسور0.76فیصد، لہسن0.74 فیصد، چینی 0.56 فیصد اور دال چنا 0.09 فیصد سستی ہوگئی۔
، مجموعی طور پر 9اشیا کے نرخ کم ہوئے تاہم اس کے برعکس 20 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا مگر یہ نسبتا محدود رہا جس کی وجہ سے ان اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات زائل ہو گئے۔ان اشیا میں سب سے زیادہ اضافہ برائلر زندہ مرغی کی قیمتوں میں ہوا، برائلر مرغی کے نرخ اوسطا 3.88 فیصد کے اضافے سے 126.68 روپے کلو ہوگئے جو ایک ہفتے قبل 121.95 روپے تھے، اسی طرح ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 1.44 فیصد اضافے کے نتیجے میں اب ملک میں 1216.25 روپے کے بجائے اوسطا 1233.75 روپے میں دستیاب ہے، اوسط درجے کے ہوٹل کا پکا ہوا بیف 1.20 فیصد بڑھ کر 99.27 روپے فی پلیٹ ہوگیا، گندم کے نرخ بھی 1.02 فیصد کے اضافے سے 337.38 روپے فی 10 کلو گرام ہوگئے جبکہ انڈے کی اوسط قیمت بھی0.52 فیصد بڑھ کر 137.41 روپے درجن ہوگئی۔علاوہ ازیں بکرے کا گوشت 0.41 فیصد، انرجی سیور(14واٹ) 0.35 فیصد، کیلے 0.32 فیصد، آٹا0.31 فیصد، جلانے کی لکڑی0.24 فیصد، خشک دودھ0.16 فیصد، سرخ مرچ پسی ہوئی (کھلی) 0.14 فیصد، گڑ 0.14 فیصد، ویجیٹیبل گھی (کھلا/تھیلی)0.08 فیصد، سرسوں کا تیل 0.08 فیصد، ویجیٹیبل گھی (ٹن)0.06 فیصد، پکانے کا تیل (ٹن)0.06 فیصد، اری 6 چاول 0.04 فیصد، سادہ ڈبل روٹی (درمیانی)0.02 فیصد اور باسمتی ٹوٹا چاول 0.01 فیصد مہنگا ہوگیا جبکہ 24اشیا کے نرخوں میں استحکام رہا۔۔#/s#