ہسپتالوں کی نجکاری کریں گے نہ کوئی ملازم فارغ ، وزیر صحت کا اعلان

ہسپتالوں کی نجکاری کریں گے نہ کوئی ملازم فارغ ، وزیر صحت کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرخواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کے کسی بھی ملازم کو فارغ نہیں کیا جارہا اور نہ ہی کسی ہسپتال کی نجکاری کی جا رہی ہیں۔پنجاب ہیلتھ فیسلیٹیز منیجمنٹ کمپنی(پی ایچ ایف ایم سی) ایک سرکاری ادارہ ہے جس کا سربراہ بھی سینئر سرکاری افسر ہے۔خوا جہ عمران نذیر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو سرکاری ملازم کا درجہ دے کر ان کو ملازمتوں پر ریگولر کیا گیا ہے اور اب محکمہ صحت ایل ایچ ڈبلیوز کے سروس سٹرکچر پر کام شروع کر رہا ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ڈینگی ملازمین کو ریگولر کرنے کے لیے وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔انھوں نے یہ بات صوبہ بھر کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسررز(DDHOs )اور ڈی ڈی اوز کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کہی۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر فیصل ظہور،ڈاکٹر فاروق منظور،ڈاکٹر مختار علی شاہ،پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ بیماریوں کی روک تھام پر مثالی توجہ دی جا رہی ہے اور پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کا علیحدہ محکمہ قائم کرنے کا سب سے بڑا فائدہ یہی ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبے کے بارہ کروڑ عوام کی بلڈ سکریننگ بیک وقت ممکن نہیں تا ہم اس طرف نہایت کامیابی سے سفر کا آغاز کر دیا گیا ہے اور گذشتہ دنوں صوبے میں لگائے گئے بلڈ سکریننگ کیمپس کے دوران چار لاکھ لوگوں کی سکریننگ اور ویکسیننشن کی گئی۔خواجہ عمران نذیر نے انکشاف کیا کہ اس پروگرام کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے محکمہ پولیس کے ملازمین کی بلڈ سکریننگ کے لیے مربوط کیمپس لگانے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہیں اور پہلے فیز میں ستر ہزارملازمین کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ محنت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے والے اور کام نہ کرنے والے برابر نہیں ہو سکتے۔انھوں نے کہا کہ غلطی اور مجرمانہ غفلت میں تمیز کرنا ضروری ہے جس کے تحت محکمے میں سزا و جزا کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے واضح کیا کی کچھ لوگ محض اپنے ذاتی مفاد کی خاطر محکمہ کے ملازمین کو گمراہ کر کے اپنے مخصوص مفادات کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں تا کہ انہیں کا م نہ کرنا پڑے۔انھوں نے کہا کہ یونین بازی کے نام پر منفی سرگرمیوں کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ہر محنتی اور فرض شناس افسر اور ورکر کو ان کی آشیرباد حاصل رہے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان نے کہا کہ پولیوکی مہم آئندہ ہفتے سے شروع ہو رہی ہے جس میں تمام افسران فعال کردار ادا کریں۔انھوں نے اجلاس میں ضلعی افسران کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔