نواز شریف کا اداروں کے ساتھ میچ زیادہ دیر نہیں چلے گا ،عبدالعلیم خان
لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ کا اداروں کیساتھ میچ زیادہ دیر تک نہیں چلے گا،نواز شریف سیاست میں کلین بولڈ ہوچکے ہیں اب انہیں آئندہ کسی قیمت پر اقتدار میں آنے کی باری نہیں ملے گی ،انہوں نے کہا کہ جبکہ ان میں سے ایک اسحاق ڈار اننگز ختم ہونے کے باوجود میدان چھوڑنے کو تیار نہیں۔عبدالعلیم خان نے ایک بیان میں کہا کہ پاناما کیس میں نام آنے کے بعد دنیا بھر میں کئی ملکوں کے وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں نے استعفے دیکر عدالتوں کا سامنا کیا ۔نواز شریف نے احتساب کا سامنا کرنے کی بجائے عدلیہ اور فوج کیخلاف محاذ کھول کر مظلومیت کا رونا رونا شروع کردیا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ اداروں کو متنازعہ بنانا ملک کیخلاف سازش ہے،انہوں نے کہاکہ یہ سلسلہ زیادہ دیر تک چلنے والا نہیں۔ایک ایک کرکے ملک کا مال لوٹنے والے سب گرفت میں آئیں گے۔
، عبدالعلیم خان نے کہا کہ پہلے کرپٹ خاندان ، پھر درباری اور حواری بھی جیلوں میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کے استعفے کی خبریں چلنے کے بعد میدان میں کودنے والے ترجمان مصدق ملک کی وضاحت سے بھی ثابت ہوگیا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت مفلوج ہوچکی ہے،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا اپنا قلمدان جاتی امرا میں پڑا ہے،وہ وزارت خزانہ کے معاملات سنبھالنے کا ڈرامہ رچا کر کیا گل کھلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دوسری طرف پنجاب کے حالات بھی کسی سے پیچھے نہیں ، سموگ پالیسی پر پنجاب حکومت کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی ہے،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے ریمارکس نے شہباز شریف کی گڈ گورننس کا پول کھول دیا ہے،ترقی کے جھوٹے دعوے کرنے والے ہر شعبے میں ناکام ہوچکے ہیں اور اپنے منہ آپ میاں مٹھو بننے کے علاوہ حقیقت میں کچھ نہیں ہو رہا۔