فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 5 روزہ پر وفیشنل ریسکیو کورس اختتام پذیر
لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر) فلاح انسانیت فاونڈیشن کے زیر اہتمام ریسکیو ٹریننگ انسٹیٹیوٹ واپڈا ٹاون میں 5 روزہ پروفیشنل ریسکیو کورس اختتام پذیر ہوگیا ۔ ریسکیو کورس میں پنجاب، سندھ، خیبر پی کے اور آزاد کشمیر سے امدادی رضاکار شریک ہوئے جن کو سیلابوں، زلزلوں، حادثات اور دیگر ایمرجنسی حالات میں ریسکیو کرنے کی تربیت دی گئی۔ اس حوالے سے ملک کے مایہ ناز انسٹریکٹرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔جو رضاکاروں کو جدید طریقوں اور آلات کی مدد سے آگ لگنے، ڈوب جانے اور حادثات میں زخمی ہونے والوں کو فوری طبی امداد اور ان کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے خصوصی لیکچرز کے ساتھ ساتھ عملی مشقیں بھی کروائی گئی۔ فلاح انسانیت فاونڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالروف نے کہا کہ ایف آئی ایف ملک بھر میں ایک لاکھ نوجوانوں کو ریسکیو ٹریننگ کروانے کا ہدف رکھتی ہے تاکہ وطن عزیز میں آنے والی کسی بھی قدرتی آفت یا حادثے اور ایمرجنسی کے وقت بروقت پہنچ کر متاثرین کی جانیں بچائی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک ہم 48 ہزار افراد کو ریسکیو ٹریننگ کروا چکے ہیں۔ اس حوالے سے ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں ریسکیو ٹریننگ ورکشاپس کروائی جاتی ہیں۔ لاہور میں شروع کئے گئے ایف آئی ایف ریسکیو ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں ماسٹر ٹرینرز تیار کئے جاتے ہیں جو اپنے اپنے علاقوں میں جا کر ریسکیو ورکشاپس کرواتے ہیں۔ حافظ عبدالروف کا کہنا تھا کہ اس کورس میں بارشوں اور سیلاب کی صورت میں تیراکی، بوٹ چلانے اور متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کی خصوصی ٹریننگ بھی شامل کی گئی ہے۔