گورومانگٹ انڈر پاس کو عبدالواحد نادر القلم ؒ کے نام سے منسو ب کیا جائے،منور اسلام

گورومانگٹ انڈر پاس کو عبدالواحد نادر القلم ؒ کے نام سے منسو ب کیا جائے،منور ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)معروف خطاط و مصور ابن نادرالقلم منور اسلام نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے گزارش کی ہے کہ گورومانگٹ (گلبرگ) کے قریب بننے والے انڈرپاس کا نام پاکستان کے معروف خطاط و مصور عبدالواحد نادرالقلمؒ کے نام سے منسوب کیا جائے۔ عبدالواحد نادرالقلمؒ کا یہ فنی سفر نصف صدی پر محیط ہے اوران کا یہ فن آج تیسری نسل میں منتقل ہوچکا ہے وہ پاکستان میں خطاطی کی نمائشوں کے بانی کہلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے صد سالہ جشن کے موقع پر علامہ اقبالؒ کے اشعار پر مبنی 35عدد پینٹنگ ملکی اور غیر ملکی مہمانوں کو پیش کی گئیں۔ عبدالواحد نادرالقلمؒ کے نوائے وقت فورم، منصورہ لاہور، نیشنل بینک آف پاکستان، گلبرگ میں مسجد شانِ اسلام، دفتر روزنامہ خبریں، لاہور، قصورمیں موجود فن پارے ، ساہیوال کی مساجد پر خطاطی کے شاہکار اور لاہور عجائب گھرکی پاکستان گیلری میں قومی ترانہ مرحوم کی یادہمیشہ دلاتا رہے گا۔ عبدالواحد نادرالقلم نے حسنین آباد لاہور کینٹ میں زندگی کے ساٹھ سال گزارے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہمارے تمام انڈر پاسز کا نام پاکستان کی ممتاز شخصیات کے نام پر رکھا گیا ہے جیسے اشفاق احمد (انڈر پاس) ماڈل ٹاؤن، اس طرح ہماری خواہش ہے کہ اس انڈر پاس کا نام ملک کے عظیم فن کار عبدالواحد نادرالقلمؒ کے نام سے منسوب کر دیا جائے،ایسا کرنا فن کار اور پاکستان کے لئے بہت بڑا اعزاز ہوگا اور صدیوں یاد رہے گااس لئے ہماری وزیر ریلوے سعد رفیق اور یٰسین سوہل سے گزارش ہے کہ اس پرغور کریں ۔واضح رہے کہ عبدالواحد نادرالقلمؒ کے صاحبزادے منوراسلام ابن نادرالقلم نے فاٹا کے مسلمانوں کے لئے ورلڈ فوڈ پروگرام میں اپنی ایک پینٹنگ نیلامی کے لئے بھیجی جو دبئی کے شہزادے الشیخ النہان المبارک نے ایک لاکھ درہم میں خریدی اور یہ رقم فاٹا کے مسلمانوں کو ادا کی گئی، یہ ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔
منور اسلام