ویمنز ہاکی ورلڈ لیگ ہالینڈ کی مسلسل دوسری کامیابی

ویمنز ہاکی ورلڈ لیگ ہالینڈ کی مسلسل دوسری کامیابی

آکلینڈ(اے پی پی) ایف آئی ایچ ویمنز ہاکی ورلڈ لیگ فائنل ٹورنامنٹ میں ہالینڈ نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، جرمنی، ارجنٹائن اور کوریا نے بھی اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ نیوزی لینڈ میں جاری ایونٹ میں ہفتے کو کھیلے گئے لیگ میچز میں ہالینڈ ویمن نے امریکہ ویمن کو 2-0 گولز سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، ہالینڈ نے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی، دوسرے میچ میں کوریا ویمن نے نیوزی لینڈ ویمن کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 گولز سے ہرا کر کامیابی سمیٹی، یہ نیوزی لینڈ کی متواتر دوسری شکست اور کوریا کی پہلی کامیابی ہے، کوریا اور امریکہ کے درمیان پہلا میچ 1-1 گول سے برابر رہا تھا جبکہ میزبان نیوزی لینڈ کو پہلے میچ میں ہالینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تیسرے میچ میں ارجنٹائن ویمن نے شاندار کھیل کی بدولت چین ویمن کو 3-0 گولز سے ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کی، دن کے چوتھے اور آخری میچ میں جرمنی ویمن ٹیم نے انگلینڈ ویمن کو 2-0 گولز سے ہرا کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی