آج ایبٹ آباد میں جلسہ سے خطاب کرینگے
لاہور( این این آئی) سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن ) کے صدر محمد نواز شریف آج ( اتوار) کو ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کر کے عوامی رابطہ مہم کا باضابطہ آغاز کریں گے ۔ جلسے کے لئے سکیورٹی سمیت دیگر تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ (ن) لیگ کے مرکزی رہنما سینیٹر پرویز رشید اور سینیٹر آصف کرمانی پہلے ہی ایبٹ آباد پہنچ چکے ہیں جو نواز شریف کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔(ن) لیگ کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ ایبٹ آباد میں جلسہ سیاسی مخالفین کی آنکھیں کھول دے گا۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کا اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی تیمار داری کے لئے کل ( پیر) کے روز لندن روانگی کا امکان ہے ۔