حکومت بتائے بینکوں اور آئی ایم ایف سے کتنا قرض لیا، کہا خرچ کیا؟ سراج الحق

حکومت بتائے بینکوں اور آئی ایم ایف سے کتنا قرض لیا، کہا خرچ کیا؟ سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قو م کو بتایا جائے کہ اندونی اور بیرونی بینکوں اور آئی ایم ایف سے کتنا قرض لیا اور کہاں کہاں خرچ کیا۔۔ڈرگ مافیا،شوگر مافیا ،لینڈ مافیااور بڑے بڑے سمگلروں نے سیاسی پارٹیوں میں پناہ لے رکھی ہے لیکن نام نہاد سیاسی جماعتیں اپنی بادشاہت قائم رکھنے کیلئے مجرموں کے ہاتھوں یرغمال ہیں ۔ تربت میں قتل کے ظالمانہ واقعہ پر پوری قوم غمزدہ ہے، پے درپے دہشت گردی کے واقعات سے ثابت ہوگیا ہے کہ حکمران عوام کو جان و مال کا تحفظ نہیں دے سکتے ،عوام کی نیندیں اڑ گئی ہیں اور حکمران بے حسی کی چادر اوڑھے سو رہے ہیں ۔پی آئی اے ،اسٹیل ملز ،پی ٹی سی ایل ،واپڈا ،ریلوے اور اوجی ڈی سی ایل جیسے منافع بخش اداروں کی تباہی کے ذمہ دار حکمران ہیں جنہوں نے اپنے کارخانے چلانے کیلئے قومی اداروں کو تباہ کیا۔ برادر تنظیمات آئندہ انتخابات میں جماعت ا اسلامی کے دست و بازو بن کرکرپٹ حکمرانوں سے چھٹکارے کیلئے عوام سے رابطہ بڑھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں منعقدہ برادر تنظیموں کے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، نائب امراء حافظ محمد ادریس،راشد نسیم ،اسداللہ بھٹو ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور ڈپٹی سیکریٹری محمد اصغر ،حافظ ساجد انور ،سید وقاص انجم جعفری و دیگر نے بھی شرکت کی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی لٹیروں سے قوم کو نجات دلانے کیلئے آخری حد تک جائے گی ہم قوم سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ لیٹرے مفاد پرست حکمرانوں کے چنگل سے نکلیں جن کی وجہ سے قوم اور ملک آگے جانے کی بجائے پیچھے جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک پر انگریز کے غلام مسلط ہیں۔اقتدار پر مسلط کرپٹ مافیا کے بڑوں نے انگریز سے وفاداری اور قوم سے غداری کے عوض جاگیریں حاصل کیں ،آج ان کی اولاد ملک پر مسلط ہے جن کا قومی دولت لوٹ کر اپنی جیبیں بھرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں ۔

مزید :

صفحہ آخر -