عدلیہ کی کردار کشی ملکی صورت حال، ہائیکورٹ بار کا کل جماعتی کانفرنس بلانے کا اعلان
لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ بار نے عدلیہ کی کردار کشی اور ملکی موجودہ صورتحال کے حوالے سے کل جماعتی کانفرنس بلانے کا اعلان کر دیاہے، بار کے عہدیداروں نے وزیر خزانہ اور ختم نبوت کی شق ختم کرنے والوں سے استعفیٰ مانگ لیاہے جبکہ یہ مطالبہ بھی کیاہے کہ اسلام آباد میں دھرنے والوں سے مذاکرات کئے جائیں ان پر سختی نہ کی جائے۔لاہور ہائیکورٹ بار میں صدر ذوالفقار چودھری، سیکرٹری عامر سعید راں، نائب صدر راشد لودھی اور فنانس سیکرٹری ظہیر بٹ نے ملکی صورتحال پر پریس کانفرنس منعقد کی جس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ذوالفقار چودھری نے کہا کہ حکمرانوں نے قوم کو اندھیروں اور غربت میں دھکیلا، موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر آل پارٹیز کانفرنس بلا لی گئی ہے، وزیر خزانہ اپنے عہدے سے فوری مستعفی ہوں اور اپنا کیس لڑیں، انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی کردار کشی کی مذمت کرتے ہیں، نائب صدر راشد لودھی نے کہا کہ نااہل کرپٹ شخص جمہوریت کے لئے خطرہ بن چکے ہیں، سابق وزیر اعظم جاتی عمرہ بیٹھ کر کابینہ کے اجلاس بلاتے ہیں جو جمہوریت کی توہین ہے، انہوں نے کہا کہ نااہل سابق وزیراعظم دنیا بھر میں اداروں کی کردار کشی کر کے جمہوریت کو نقصان پہنچا رہے ہیں، سیکرٹری عامر سعید راں کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں،حکومت بھارتی خفیہ ایجنسی را سمیت تمام دہشت گردوں کے خلاف سخت کاروائی کرے، ختم نبوت کی شقیں ختم کرنے کے ذمہ داران عہدوں سے مستعفی ہوں ورنہ آئندہ ہفتے سخت لائحہ عمل طے کریں گے، پوری حکومت سابق وزیر عظم کو بچانے نکل آئی ہے، عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا،عدلیہ کی کردار کشی کا سلسلہ بند نہ کرنے پر لائحہ عمل طے کرنے کے لئے وکلاء تنظیموں کا اجلاس بلا لیا، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنے والوں سے مذاکرات کئے جائیں ان پر سختی نہ کی جائے۔